(6 اپریل 2026): بیٹی کو طلاق ہوئی اور وہ گھر واپس آئی تو ریٹائرڈ جج باپ نے خلاف توقع ڈھول بجا کر اور مٹھائیاں بانٹ کر اس کا استقبال کیا۔ہمارے معاشرے میں طلاق کو عورت کے لیے ایک بدنما داغ سمجھا جاتا ہے، لیکن شعور کی آگہی کے ساتھ ساتھ یہ رجحان دم توڑتا جا رہا ہے۔ ایک باپ نے بیٹی کی طلاق پر رونے دھونے کے بجائے بیٹی کی طلاق پر خوشیاں منا کر نئی مثال قائم کر دی۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ انوکھا واقعہ میرٹھ میں پیش آیا، جہاں ایک ریٹائرڈ جج گیانیندر شرما کی اکلوتی بیٹی پرنیتا شرما جب اپنے شوہر سے طلاق کے بعد گھر پہنچی تو خلاف توقع اس کے باپ نے نہ صرف مٹھائیاں بانٹیں بلکہ ڈھول بجا کر اس کا استقبال بھی کیا۔پرنیتا شرما کو انتہائی دھوم دھام کے ساتھ گھر لایا گیا۔ راستے بھر ڈھول تاشے بجائے جانے کے ساتھ لوگوں نے رقص بھی کیا۔ اس موقع پر والد کے ساتھ خاندان کے لوگ بھی جمع تھے اور سب سے سیاہ رنگ کی ٹی شرٹس پہن رکھی تھیں، جن پر جلی حروف میں آئی لو یو میری بیٹی "I Love My Daughter” لکھا ہوا تھا۔والد گیانیندر نے بتایا کہ ان کی بیٹی کی 8 سال قبل آرمی میجر سے شادی ہوئی تھی اور کچھ عرصہ بعد ہی اس پر ظلم و زیادتی شروع ہو گئی تھی۔ پرنیتا نے وضاحت کی کہ اس نے ساتھ سال تک اپنی سسرال میں ذہنی اور جذباتی تشدد برداشت کیا۔