تہران (6 اپریل 2026): امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے بعد وہاں جاری انٹرنیٹ کی بندش نے عالمی ریکارڈ توڑ ڈالا۔ایران میں ایک ماہ سے زائد عرصہ سے انٹرنیٹ بند ہے جو دنیا میں طویل ترین انٹرنیٹ کی بندش بن گیا ہے اور اب تک کی تاریخ میں کسی بھی ملک میں اتنی طویل مدت تک ملک گیر سطح پر انٹرنیٹ بند نہیں کیا گیا۔انٹرنیٹ کی عالمی سطح پر نگرانی کرنے والے ادارے ’نیٹ بلاکس‘ کی جانب سے جاری ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران میں انٹرنیٹ کی یہ معطلی اب اپنی نوعیت کا سب سے طویل واقعہ بن چکی ہے۔نیٹ بلاکس نے اپنی ایکس پوسٹ میں بتایا ’ ایران میں انٹرنیٹ کا بلیک آؤٹ اب کسی بھی ملک میں ریکارڈ کیا گیا طویل ترین شٹ ڈاؤن ہے۔‘غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران میں انٹرنیٹ کی بندش کو 37 روز ہو چکے ہیں اور 888 گھنٹوں کی بندش کے بعد یہ دنیا کا طویل ترین انٹرنیٹ شٹ ڈاؤن کا نیا ریکارڈ بن گیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ بعض ممالک میں طویل عرصے تک وقفے وقفے سے یا علاقائی سطح پر انٹرنیٹ بند کیا گیا اور شمالی کوریا تو عالمی انٹرنیٹ سے کبھی منسلک ہی نہیں رہا لیکن قومی سطح پر کسی بھی ملک میں اس طرح کی مکمل اور مسلسل بندش ایران میں پہلی مرتبہ سامنے آئی ہے۔واضح رہے کہ ایرانی حکام نے انٹرنیٹ کی بندش کو ‘قومی سلامتی’ اور ممکنہ سائبر حملوں کے خلاف حفاظتی تدابیر قرار دیا ہے۔