آسٹریلیا کا ایرانی شہریوں کے لیے سخت پابندیوں کا اعلان

Wait 5 sec.

کینبرا (25 مارچ 2026): آسٹریلوی حکومت نے ایرانی پاسپورٹ ہولڈرز اور وزٹ ویزا رکھنے والے افراد کے لیے ملک میں داخلے پر عارضی پابندی عائد کر دی ہے۔عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا، آسٹریلوی وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی پاسپورٹ رکھنے والا کوئی بھی شخص اگلے 6 ماہ تک آسٹریلیا کا سفر نہیں کر سکے گا۔آسٹریلوی وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ اس پابندی کا مقصد ملک کے امیگریشن سسٹم کی ساکھ، شفافیت اور ویزا سسٹم کے نظم و ضبط کا تحفظ کرنا ہے۔وزارتِ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ یہ پابندی صرف نئے آنے والے مسافروں پر لاگو ہوگی۔ وہ ایرانی شہری جو پہلے سے آسٹریلیا میں موجود ہیں، وہ اس نئی پابندی سے مستثنٰی ہوں گے اور ان کے قیام پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔آسٹریلوی حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ویزا قوانین کی پاسداری اور سسٹم میں موجود کسی بھی قسم کے خلا کو پر کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ آسٹریلوی امیگریشن کے معیار کو برقرار رکھا جا سکے۔