’ریمنڈ‘ کے سابق چیئرمین وجے پت سنگھانیہ کا 87 سال کی عمر میں انتقال

Wait 5 sec.

ملک کے معروف صنعتکار اور ریمنڈ گروپ کے سابق چیئرمین وجے پت سنگھانیہ کا ہفتے کی شام ممبئی میں 87 برس کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ ان کے اہل خانہ نے اس خبر کی تصدیق کر دی ہے۔ ان کے بیٹے اور ریمنڈ گروپ کے موجودہ چیئرمین اور مینجنگ ڈائریکٹر گوتم سنگھانیہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر یہ معلومات شیئر کیں۔ ریمنڈ گروپ کے ترجمان کے مطابق، ان کا انتقال ممبئی میں ہوا اور ان کی آخری رسومات آج (29 مارچ) کو ادا کی جائیں گی۔RIP. Om Shanti pic.twitter.com/nGtOGAEtHt— Gautam Singhania (@SinghaniaGautam) March 28, 2026واضح رہے کہ 2015 میں وجے پت سنگھانیہ نے ریمنڈ گروپ میں اپنی پوری 37 فیصد حصہ داری بیٹے گوتم سنگھانیہ کو منتقل کر دی تھی۔ اس کے بعد سے کمپنی کی کمان مکمل طور پر گوتم کے ہاتھوں میں ہے۔ وجے پت سنگھانیہ نے 1980 سے ریمنڈ گروپ کی قیادت سنبھالی اور تقریباً 20 سال تک چیئرمین کے طور پر کام کیا۔ سال 2000 تک انہوں نے کمپنی کو ملک کے معروف کپڑوں کے برانڈس میں شامل کر دیا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وجے پت سنگھانیہ اپنے پیچھے تقریباً 12 ہزار کروڑ روپے کی جائیداد چھوڑ گئے ہیں۔ تاہم انہوں نے اپنی زندگی میں ہی کمپنی کا بڑا حصہ اپنے بیٹے کے نام کر دیا تھا۔ 1991 کی معاشی اصلاحات سے پہلے ہی انہوں نے کمپنی کو مقابلے کے لیے اس طرح تیار کر لیا تھا کہ ریمنڈ بدلتی ہوئی مارکیٹ میں مضبوطی سے قائم رہی۔ چند سال قبل وجے پت سنگھانیہ اور گوتم سنگھانیہ کے درمیان جائیداد اور کمپنی کے حوالے سے قانونی تنازعہ بھی سامنے آیا تھا۔ حالانکہ بعد میں دونوں کے درمیان سمجھوتہ ہو گیا اور معاملہ حل کر لیا گیا۔قابل ذکر ہے کہ وجے پت سنگھانیہ کو پدم بھوشن سے نوازا گیا تھا۔ وہ ایک ماہر پائلٹ اور ایڈونچرر تھے۔ 2005 میں انہوں نے ’ہاٹ ایئر بیلون‘ کے ذریعے تقریباً 69000 فٹ کی بلندی تک پہنچ کر عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔ اس سے قبل 1988 میں انہوں نے مائیکرو لائٹ طیارے کے ذریعے لندن سے نئی دہلی تک اکیلے پرواز بھر کر ریکارڈ بنایا تھا۔ ان کا انتقال ہندوستانی صنعتی دنیا کے لیے ایک بڑا نقصان تصور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے نہ صرف تجارت میں کامیابی حاصل کی، بلکہ اپنی مہم جوئی سے بھی ایک الگ پہچان بنائی۔