پیانگ یانگ : شمالی کوریا کے صدر کم جونگ اُن کی نوعمر صاحبزادی کم جو اے ان دنوں اپنے والد کے ساتھ اہم سرکاری تقریبات میں نظر آرہی ہیں۔یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا شمالی کوریا کی آئندہ قیادت ایک کم عمر لڑکی کے ہاتھ میں جاسکتی ہے؟ رپورٹس کے مطابق کم جونگ اُن اپنی صاحبزادی کم جو اے کو دنیا کے سب سے طاقتور اور خفیہ نظامِ حکومت میں سے ایک کی باگ ڈور سنبھالنے کے لیے تیار کررہے ہیں۔حالیہ برسوں میں کم جو اے کو اپنے والد کے ہمراہ اہم فوجی تقریبات، میزائل تجربات اور سرکاری تقریبات میں دیکھا گیا ہے جو شمالی کوریا کی تاریخ میں ایک غیر معمولی پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔اس صورتحال سے عالمی سطح پر یہ قیاس آرائیاں جنم لے رہی ہیں کہ وہ یقینی طور پر کِم خاندان کی اگلی جانشین بن سکتی ہیں۔گزشتہ دنوں شمالی کوریا کے صدر کم جونگ ان نے اپنی بیٹی کے ہمراہ پستول اور دیگر ہلکے ہتھیار بنانے والی فیکٹری کا دورہ کیا۔مقامی میڈیا کی جانب سے جاری کی گئی تصاویر اور ویڈیوز میں فیکٹری کے معائنے کے دوران دونوں باپ بیٹی کو نئے پستول سے فائر کرتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کم جونگ ان نے اسلحے کی تیاری کی نگرانی کی اور اس عمل کو جدید بنانے پر زور دیا۔