تل ابیب(27 مارچ 2026): اسرائیلی آرمی چیف نے سیکیورٹی کابینہ میں اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے افرادی قوت کی کمی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کے سربراہ نے سیکیورٹی کابینہ کی ایک اہم بریفنگ کے دوران اعتراف کیا ہے کہ اسرائیلی فوج اس وقت شدید مشکلات اور ناکامی کا شکار ہے۔ آرمی چیف نے کابینہ کو خبردار کیا ہے کہ افرادی قوت میں مسلسل کمی کی وجہ سے فوج جلد ہی مکمل طور پر ناکام ہو جائے گی۔بریفنگ کے دوران اسرائیلی آرمی چیف کا کہنا تھا کہ فوج کے لیے اب روزمرہ کے معمول کے مشن مکمل کرنا بھی انتہائی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ بیک وقت کئی محاذ کھولنے کے باعث فوج کی اندرونی کمزوریاں کھل کر سامنے آ رہی ہیں اور وسائل کی کمی واضح ہو چکی ہے۔اسرائیلی عسکری قیادت نے دو ٹوک الفاظ میں تنبیہ کی کہ اگر افرادی قوت کا مسئلہ فوری طور پر حل نہ کیا گیا تو فوج ان کثیر الجہتی چیلنجز کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہو جائے گی۔