ویانا(27 مارچ 2026): اقوام متحدہ کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ رافیل گروسی نے ایران کے بوشہر جوہری پاور پلانٹ کے حوالے سے ایک سنگین انتباہ جاری کیا ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے منگل کی شام تنصیب کے قریب ہونے والے حالیہ حملوں پر "گہری تشویش” کا اظہار کیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ایک بیان میں رافیل گروسی نے خبردار کیا ہے کہ بوشہر جوہری پاور پلانٹ کو کسی بھی قسم کا نقصان پہنچنے کی صورت میں ایک بڑا ریڈیولاجیکل حادثہ پیش آسکتا ہے، جس کے اثرات نہ صرف ایران بلکہ اس سے باہر کے وسیع علاقوں تک پھیل سکتے ہیں۔رافیل گروسی نے بوشہر پاور پلانٹ کے قریب حالیہ حملے کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک فعال نیوکلیئر پاور پلانٹ ہے جس میں بڑی مقدار میں جوہری مواد موجود ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی حملے کی صورت میں یہ مواد سنگین ماحولیاتی اور انسانی نتائج کا باعث بن سکتا ہے۔سربراہ نیوکلیئر واچ ڈاگ نے تمام متعلقہ فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ ایٹمی حادثے سے بچاؤ کے لیے جوہری تنصیبات کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنائیں اور عالمی قوانین کا احترام کریں۔