تہران : پاسداران انقلاب نے مشرق وسطیٰ میں تمام امریکی اڈے تباہ کرنے کا دعویٰ کردیا اور کہا ایران اب چھپے ہوئے امریکی فوجی اہلکاروں کی تلاش میں سرگرم ہے۔تفصیلات کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں صورتحال انتہائی سنگین ہو گئی ہے، جہاں ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے ایک ویڈیو پیغام میں دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے خطے میں موجود تمام امریکی فوجی اڈے تباہ کر دیے ہیں۔الجزیرہ کی رپورٹ میں بتایا گیا ایران نے بحرین، کویت اور اردن میں قائم امریکی تنصیبات پر میزائلوں اور ڈرونز کی بارش کر دی ہے۔پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق مختلف ممالک میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، کویت میں ‘علی السلم’ اور ‘عارفجان’ فوجی اڈوں پر شدید میزائل حملے کیے گئے جبکہ بحرین میں امریکی بحری بیڑے کے قریب واقع ‘شیخ عیسیٰ’ بیس پر ڈرون داغے گئے اور اردن میں ‘العزرق’ ایئر بیس کو کامیابی سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ایرانی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ حملوں کے بعد بعض امریکی کمانڈرز اور فوجی اہلکار اپنے اڈوں سے فرار ہو گئے ہیں جبکہ کچھ نے زیرِ زمین پناہ لے لی ہے تاہم ایرانی فورسز اب روپوش ہونے والے امریکی اہلکاروں کی تلاش میں سرگرم ہیں۔پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ خطے سے امریکی اثر و رسوخ کا خاتمہ شروع ہو چکا ہے۔ اس وقت پورے مشرقِ وسطیٰ میں ہائی الرٹ ہے اور عالمی برادری ان حملوں کے بعد بڑے پیمانے پر جنگ چھڑنے کے خدشے کا اظہار کر رہی ہے۔دوسری جانب، سعودی عرب کی وزارتِ دفاع نے تصدیق کی ہے کہ ان کی فضائی حدود میں داخل ہونے والے 17 ڈرونز کو دفاعی نظام کے ذریعے تباہ کر دیا گیا ہے۔سعودی حکام صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔