تہران (26 مارچ 2026): اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران میں حالیہ کارروائی کے دوران ایرانی بحریہ کے اہم کمانڈر علی رضا تنگسیری کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کر دیا۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے اپنے ویڈیو بیان میں دعویٰ کیا کہ حالیہ اسرائیلی فضائی حملے میں ایران کی پاسداران انقلاب کی بحریہ کے کمانڈر علی رضا تنگسیری شہید ہوگئے۔اسرائیل کاٹز نے دعویٰ کیا کہ یہ کارروائی بدھ کی رات ایک انتہائی اہم آپریشن کے ذریعے کی گئی جس میں بحری کمانڈ کے دیگر اعلیٰ افسران کو بھی نشانہ بنایا گیا۔اسرائیلی وزیر دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ شخص جو آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھانے اور بحری جہازوں کی نقل و حمل روکنے کی کارروائیوں کا براہ راست ذمہ دار تھا اسے دھماکے سے اڑا کر ختم کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ 28 فروری کو ایران کے خلاف شروع ہونے والی امریکا-اسرائیل جنگ کے بعد سے اسرائیل نے کئی اعلیٰ ایرانی حکام کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا ہے جن میں سپریم لیڈر علی آیت اللہ علی خامنہ ای اور سکیورٹی چیف علی لاریجانی بھی شامل ہیں۔تہران میں موجود الجزیرہ کے صحافی توحید اسدی کے مطابق ایران کی جانب سے ابھی تک علی رضا تنگسیری کی شہادت کی کوئی سرکاری تصدیق نہیں ہوئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ لیکن اگر یہ سچ ہے تو یہ ایران کیلیے ایک اور بڑا دھچکا ہوگا جو پہلے ہی اپنے کئی فوجی کمانڈروں کی شہادتوں کا سامنا کر چکا ہے۔