یو اے ایمیں شدید بارشوں کے بعد طوفان کا خطرہ ، الرٹ جاری کردیا گیا

Wait 5 sec.

دبئی : متحدہ عرب امارات میں شدید بارشوں کے بعد طوفان کے خطرے کے پیش ںظر محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا۔تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں اور ژالہ باری کے بعد طوفان کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔اماراتی محکمہ موسمیات نے ہنگامی الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے اور احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔گزشتہ چند گھنٹوں سے متحدہ عرب امارات کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہونے اور حدِ نگاہ متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں، ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ سلسلہ ہفتے کے آخر تک جاری رہ سکتا ہے، جس کے بعد صورتحال میں بتدریج بہتری متوقع ہے۔یواے ای میں طوفانی بارش کے باعث پانی گھروں میں داخل ہونےکا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر رہائشیوں نے گھروں کو پانی سے بچانے کے لیےریت کی بوریاں خرید لی ہیں، متعدد افراد پلاسٹک شیٹس لگا کر گھروں کو سیلاب سے بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔اماراتی حکام اور شہری دفاع کے اداروں نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے، جس میں کہا ہے کہ شہریوں کو نشیبی علاقوں اور ان مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جہاں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔سمندر میں طغیانی کے پیشِ نظر شہریوں کو ساحلِ سمندر سے دور رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔حکام کا کہنا تھا کہ شہری دفاع کے اہلکار متاثرہ علاقوں میں مستعد ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔حکام نے ڈرائیوروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بارش کے دوران گاڑی چلاتے وقت خاص احتیاط برتیں اور سڑکوں پر موجود پانی سے بچنے کے لیے متبادل راستے اختیار کریں۔ماہرین نے انتباہ کیا ہےکہ سعودی عرب اور خلیجی خطے میں موسلا دھار بارش، شدید آندھی اور گرد آلود ہواؤں کا خدشہ ہے اور ہفتے کے اختتام تک مختلف علاقے بارشوں سے شدید متاثر ہوسکتے ہیں۔سعودی محکمہ موسمیات نے حد نگاہ متاثر اور ساحلی علاقوں میں اونچی لہریں پیدا ہونے کی پیش گوئی کی ہے ، ساحلی علاقوں میں لہروں کی اونچائی 2.5 میٹر سے بھی زیادہ ہوسکتی ہے۔