پی ایم مودی نے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ کی میٹنگ، ریاستوں کو سپلائی چین درست رکھنے کی ہدایت

Wait 5 sec.

وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز سبھی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ میٹنگ کر موجودہ حالات پر سنجیدہ تبادلہ خیال کیا۔ یہ میٹنگ ڈیجیٹل انداز میں ہوئی، جس میں مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی پر ریاستوں کی تیاریوں اور منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہونے کے سبب انتخاب والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اس میٹنگ میں شامل نہیں ہوئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ انتخابی ریاستوں کے چیف سکریٹریز کے لیے ایک علیحدہ میٹنگ ہوگی، جو کابینہ سکریٹریٹ کے ذریعہ کی جائے گی۔میٹنگ میں وزیر اعظم مودی نے بھروسہ ظاہر کیا کہ ’ٹیم انڈیا‘ کے جذبہ سے مل کر کام کیا جائے تو ملک مشکل حالات کا کامیابی سے سامنا کر پائے گا۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کی ترجیحات معاشی و تجارتی استحکام بنائے رکھنا، توانائی سیکورٹی یقینی بنانا، شہریوں کے مفادات کی حفاظت کرنا اور صنعت و سپلائی چین کو مضبوط کرنا ہے۔ پی ایم مودی نے ریاستوں سے سپلائی چین درست رکھنے کے ساتھ ساتھ جمع خوری و منافع خوری کے خلاف سخت قدم اٹھانے کی بھی گزارش کی۔ انھوں نے زرعی شعبہ میں پیشگی منصوبہ بندی کی ضرورت پر بھی زور دیا، خصوصاً کھاد یعنی فرٹیلائزر کے ذخیرہ اور تقسیم کی نگرانی میں۔وزیر اعظم نے سبھی سطحوں پر مضبوط کوآرڈنیشن سسٹم کی ضرورت پر زور دیا تاکہ بدلے حالات میں فوری رد عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔ انھوں نے سرحد اور ساحلی ریاستوں میں خاص دھیان دینے کی ہدایت دی، تاکہ کشتی رانی، ضروری فراہمی اور سمندری سرگرمی سے جڑے نئے چیلنجز کا حل نکالا جا سکے۔ پی ایم مودی نے غلط اطلاعات و افواہوں سے الرٹ رہنے کی بھی گزارش کی، اور کہا کہ درست جانکاری کو زیادہ سے زیادہ پھیلایا جانا چاہیے۔سرکاری ذرائع کے مطابق ورچوئل انداز میں ہوئی یہ میٹنگ ’ٹیم انڈیا‘ کے جذبہ کے تحت ریاستوں و مرکز کے درمیان تال میل یقینی بنانے کے مقصد سے منعقد کی گئی تھی۔ یہ پہلی بار ہے جب وزیر اعظم نے 28 فروری کو امریکہ و اسرائیل کے ذریعہ ایران پر حملہ سے شروع ہوئی مغربی ایشیا کشیدگی کو لے کر وزرائے اعلیٰ کے ساتھ اس طرح کی میٹنگ کی۔ ایران کے ذریعہ خلیجی ممالک میں موجود امریکی فوجی اڈوں اور اسرائیل پر حملہ کیے جانے سے حالات مزید کشیدہ ہو گئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہندوستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں توانائی کا شعبہ متاثر ہوتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔اس میٹنگ میں آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ این چندرابابو نائیڈو، اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ، تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی، پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان، گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل، جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو، جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین اور اروناچل پردیش کے وزیر اعلیٰ پیما کھانڈو سمیت کئی دیگر وزرائے اعلیٰ نے بھی شرکت کی۔ مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ بھی اس میٹنگ میں موجود تھے۔