ہوانا : امریکا نے روسی آئل ٹینکر کو کیوبا جانے کی اجازت دے دی ، جس سے کیوبا کو تیل کی اہم سپلائی ملنے کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق کئی ماہ سے جاری سخت اقتصادی پابندیوں اور تیل کے بحران کے شکار ملک کیوبا کے لیے ایک بڑی ریلیف سامنے آئی ہے۔امریکی اخبار ‘نیویارک ٹائمز’ نے بتایا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے روسی آئل ٹینکر کو کیوبا جانے کی اجازت دے دی ہے، جسے امریکی ناکابندی کی پالیسی میں ایک اہم موڑ قرار دیا جا رہا ہے۔روسی آئل ٹینکر 7 لاکھ 30 ہزار بیرل خام تیل لے کر کیوبا کے لیے روانہ ہو چکا ہے، امریکی کوسٹ گارڈ کی جانب سے باقاعدہ اجازت ملنے کے بعد ٹینکر کیوبا کی سمندری حدود کے قریب پہنچ گیا ہے۔نیویارک ٹائمز کا دعویٰ ہے کہ یہ اقدام ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے کیوبا کے خلاف سخت گیر ‘ناکابندی پالیسی’ میں بڑی نرمی کو ظاہر کرتا ہے۔ماہرین اسے خطے میں جاری تناؤ میں کمی کی ایک کڑی کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ روسی جہاز منگل تک کیوبا کی اہم ترین بندرگاہ ‘ماتانزاس’ ( پر لنگر انداز ہو جائے گا، اس سپلائی کے بعد کیوبا میں توانائی کے شدید بحران اور بجلی کی قلت میں نمایاں کمی آنے کا امکان ہے۔