ایران نے امریکی 15 نکاتی مطالبات میں سے زیادہ تر تسلیم کرلیے، ٹرمپ کا بڑا دعویٰ

Wait 5 sec.

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے امریکی 15 نکاتی مطالبات میں سے زیادہ تر تسلیم کرنے کا بڑا دعویٰ کردیا۔تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات انتہائی مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور تہران نے امریکہ کے 15 نکاتی مطالبات میں سے زیادہ تر کو تسلیم کر لیا ہے۔امریکی صدر نے انکشاف کیا کہ پاکستان کے ذریعے ایران تک پہنچائے گئے مطالبات پر مثبت ردعمل سامنے آیا ہے، "ہم نے 15 نکات دیے تھے جن میں سے زیادہ تر پر ایران متفق ہو گیا ہے، تاہم فہرست میں مزید کچھ چیزیں بھی شامل کی جائیں گی۔”ان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ بات چیت اچھے انداز میں چل رہی ہے، لیکن ایران کو سمجھنا ایک مشکل عمل ہے کیونکہ صورتحال اکثر تبدیل ہوتی رہتی ہے ، دو دن پہلے ایران نے ہمیں 8 کشتیاں دینے پر اتفاق کیا، جبکہ اب تک تیل کی 20 بڑی کشتیاں ایران کی جانب سے دی جا چکی ہیں جو آبنائے ہرمز سے گزر رہی ہیں۔سابق صدر باراک اوباما کے دور میں ہونے والے ایران نیوکلیئر معاہدے کو نشانہ بناتے ہوئے صدر ٹرمپ نے اسے "تاریخ کا بدترین اور سب سے احمقانہ معاہدہ” قرار دیا۔انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ مذاکرات کے ذریعے وہ ایک ایسا نیا فریم ورک تیار کر رہے ہیں جو امریکہ کے مفادات کے عین مطابق ہو۔بین الاقوامی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر صدر ٹرمپ کا یہ دعویٰ درست ثابت ہوتا ہے تو یہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے اور پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کی بڑی فتح ثابت ہوگی۔