تہران: عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی نے ایران کے خنداب نیوکلیئر پلانٹ پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے ہیوی واٹرپلانٹ کو شدید نقصان پہنچنے کا انکشاف کیا۔تفصیلات کے مطابق عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی نے ایران کے اہم جوہری مرکز ‘خنداب نیوکلیئر پلانٹ’ پر حملے کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے، جس کے بعد ایران کے ایٹمی پروگرام کو پہنچنے والے نقصانات کی سنگینی سامنے آگئی ہے۔عالمی ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ سیٹلائٹ تصاویر کے تجزیے سے معلوم ہوا ہے کہ خنداب میں واقع ‘ہیوی واٹر پلانٹ’ (بھاری پانی کی تنصیب) کو حملے میں شدید نقصان پہنچا ہے۔آئی اے ای اے کا کہنا ہے اس حملے کے بعد ایران کا خنداب پلانٹ اب آپریشنل نہیں رہا اور مکمل طور پر غیر فعال ہو چکا ہے۔ایجنسی کے مطابق ایران نے 27 مارچ کو اس حساس تنصیب پر ہونے والے حملے کی اطلاع دی تھی، جس کے بعد عالمی ماہرین نے صورتحال کا تکنیکی جائزہ لیا۔عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی نے دنیا بھر کے لیے اطمینان بخش خبر دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حملے کے وقت پلانٹ میں کوئی جوہری مواد موجود نہیں تھا تاہم اس تخریب کاری کے باوجود علاقے میں کسی قسم کی تابکاری کے اخرا یا خطرے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ خنداب کی تنصیب طویل عرصے سے ایران کے جوہری پروگرام کا ایک اہم اور حساس حصہ رہی ہے، اس پلانٹ کا غیر فعال ہونا ایران کی ایٹمی صلاحیتوں اور علاقائی صورتحال پر دور رس اثرات مرتب کر سکتا ہے۔