نئی دہلی(28 مارچ 2026): بھارت اور میانمار کی سرحد پر باڑ لگانے والی بھارتی ٹیم پر علیحدگی پسند باغیوں نے بڑا حملہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں متعدد بھارتی فوجی ہلاک اور زخمی ہو گئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق آسام رائفلز کے دستوں پر چانگلانگ کے علاقے میں اس وقت فائرنگ کی گئی جب وہ میانمار بارڈر پر حفاظتی باڑ لگانے والی ٹیم کی حفاظت پر مامور تھے۔کشمیر میڈیا سروس کی اطلاعات کے مطابق اس حملے میں کم از کم 4 بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں جبکہ ناگا علیحدگی پسند گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔رپورٹس کے مطابق بھارت اور میانمار کے درمیان بارڈر فینسنگ (سرحدی باڑ) کے منصوبے کی مقامی آبادی بھی سخت مخالفت کر رہی ہے۔ مقامی لوگوں کا مؤقف ہے کہ اس سرحدی باڑ کا مقصد "ناگا شناخت” کو ختم کرنا اور ان کے صدیوں پرانے سماجی و ثقافتی روابط کو منقطع کرنا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی افواج اس عوامی مزاحمت کو کچلنے کے لیے قتل و غارت، جعلی مقابلوں اور بے جا گرفتاریوں کا سہارا لے رہی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق، سال 2000 سے اب تک بھارتی فورسز ناگالینڈ میں 800 سے زائد افراد کو ہلاک کر چکی ہیں۔