نیویارک : فرانس نے آبنائے ہرمز کھولنے کیلئے اقوام متحدہ میں قرارداد پیش کرنے کا اعلان کردیا تاہم قرارداد کے مسودے پر ابھی بحث جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق فرانس نے آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی بحفاظت آمد و رفت کو یقینی بنانے کے لیے اقوامِ متحدہ میں ایک اہم قرارداد پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔فرانسیسی وزیرِ خارجہ جین نوئل بیروٹ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ قرارداد کا مسودہ تیار کیا جا رہا ہے۔وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ وہ اس قرارداد کے مسودے پر خلیجی ممالک میں اپنے ہم منصبوں کے ساتھ مسلسل مشاورت کر رہے ہیں۔اس قرارداد کا بنیادی مقصد ایک ‘عالمی دفاعی مشن’ تشکیل دینا ہے، جو آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی اور تیل بردار جہازوں کی حفاظت کی ذمہ داری سنبھالے گا۔فرانسیسی حکومت کو امید ہے کہ اس کثیر الجہتی دفاعی مشن سے خطے میں بحری قزاقی اور حملوں کا خطرہ کم ہو جائے گا اور سپلائی لائنز بحال ہونے سے عالمی مارکیٹ میں توانائی (تیل و گیس) کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئے گی، جس سے عالمی معیشت کو ریلیف ملے گا۔جین نوئل بیروٹ نے مزید واضح کیا کہ فی الحال قرارداد کے مسودے پر بحث جاری ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کے بعد اسے باقاعدہ طور پر پیش کیا جائے گا۔