بھارت میں کاغذ والے چیک کی جگہ ’ای چیک‘ متعارف کروانے کی تجویز سامنے آگئی۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے اپنا پیمنٹس ویژن 2028 ڈاکیومنٹ جاری کیا ہے جس میں کاغذی چیک کی جگہ ای چیک (الیکٹرانک چیک) متعارف کروانے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ای چیک متعارف کروانے کی تجویز ڈیجیٹل ادائیگی کو مزید آسان، تیز اور محفوظ بنانے کے لیے دی گئی ہے۔آر بی آئی کا کہنا ہے کہ ای چیک شروع کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ کاغذی آلات کے فوائد کو ڈیجیٹل ادائیگی کی رفتار اور اعتماد کے ساتھ جوڑا جاسکے۔ریزرو بینک آئندہ وقت میں روایتی چیک کی خصوصیات کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ساتھ ملا کر ’ای-چیک‘ متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے جس کا مقصد چیک کے ذریعے ادائیگی کو تیز کرنا اور دھوکہ دہی کے امکانات کو کم کرنا ہے۔اس ضمن میں بینک کامرس مارکیٹ لیس اور سینٹرلائزڈ پلیٹ فارم جیسے اداروں کو بھی شامل کرنے کے لیے دائرہ کار کو بڑھانے پر غور کررہا ہے، اس قدم کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ ادائیگی کے نظام میں شامل تمام ادارے جوابدہ ہوں۔ویژن ڈاکیومنٹ میں یہ تجویز بھی پیش کی گئی ہے کہ صارفین کو مختلف ڈیجیٹل ادائیگی والے طریقوں کے ذریعہ ہونے والے لین دین کو آن یا آف کرنے کی سہولت دی جائے، بالکل اسی طرح جیسے کارڈ ٹرانزیکشنز کے لیے کنٹرول دستیاب ہوتے ہیں۔ جیسے اس وقت ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈ کو ایپ کے ذریعہ آن یا آف کیا جا سکتا ہے، ویسی ہی سہولت یو پی آئی، نیٹ بینکنگ اور دیگر تمام ڈیجیٹل ادائیگی والے طریقوں کے لیے فراہم کی جائے گی۔علاوہ ازیں آر بی آئی ایک ’مشترکہ ذمہ داری فریم ورک‘ پر بھی غور کر رہا ہے، جس کے تحت غیر مجاز ڈیجیٹل لین دین کے معاملوں میں رقم جاری کرنے والا بینک اور فائدہ اٹھانے والا بینک دونوں ہی مشترکہ طور پر ذمہ داری اٹھائیں گے یعنی اب ڈیجیٹل فراڈ کے معاملات میں صرف صارف کا بینک ہی ذمہ دار نہیں ہوگا۔