عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی،100 ڈالرسے نیچے گرگیا

Wait 5 sec.

نیویارک: بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں آج بڑی کمی ہوئی ہے۔ لندن برینٹ 100 ڈالر سے نیچے گر گیا۔تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اچانک بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کی بنیادی وجہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی میں کمی کے امکانات اور تیل کی سپلائی بحال ہونے کی امیدیں بتائی جا رہی ہیں۔لندن برینٹ خام تیل کی قیمت میں 5.05 فیصد تک کی بڑی کمی دیکھی گئی ہے، جس کے بعد یہ 99.21 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگیا ہے۔امریکی ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت میں بھی 4.10 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جس سے یہ 88.55 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق اس کمی کی بڑی وجہ امریکہ کی جانب سے مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگی کشیدگی کو کم کرنے کی کوششیں ہیں۔امریکہ نے کشیدگی کے خاتمے کے لیے ایران کو ایک 15 نکاتی ایجنڈا فراہم کر دیا ہے۔عالمی ماہرین کا خیال ہے کہ اگر یہ ڈیل کامیاب ہو جاتی ہے تو مشرقِ وسطیٰ سے خام تیل کی معمول کی سپلائی جلد شروع ہو جائے گی، جس سے مارکیٹ میں تیل کی دستیابی بڑھے گی اور قیمتیں مزید مستحکم ہوں گی۔عالمی مارکیٹ میں تیل سستا ہونے سے ان ممالک کو ریلیف ملنے کی توقع ہے جو توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور مہنگائی کی زد میں ہیں، اگر سپلائی چین مکمل طور پر بحال ہو جاتی ہے تو عالمی معیشت پر اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔