تل ابیب : اسرائیلی میڈیا نے ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے امریکا سے مذاکرات پر راضی ہونے کا دعویٰ کردیا۔تفصیلات کے مطابق اسرائیلی میڈیا نے ایک سنسنی خیز دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای امریکہ کے ساتھ براہِ راست مذاکرات اور ایرانی شرائط پر جنگ کے خاتمے کے لیے آمادہ ہو گئے ہیں۔ اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے بتایا کہ خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے پیشِ نظر ایرانی قیادت کے موقف میں بڑی تبدیلی آئی ہے اور دعویٰ کیا گیا ہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای نے امریکہ کے ساتھ میز پر بیٹھنے اور اپنی مخصوص شرائط کے تحت جاری جنگ کو جلد ختم کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سپریم لیڈر کی اس گرین سگنل کے بعد ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وِٹکوف سے خفیہ رابطہ کیا ہے۔ایرانی وزیرِ خارجہ نے امریکی ایلچی کو مجتبیٰ خامنہ ای کی جانب سے مذاکرات کے لیے آمادگی اور تہران کے بدلتے ہوئے سفارتی رخ سے باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔اگرچہ تہران یا واشنگٹن کی جانب سے اس دعوے کی تاحال کوئی سرکاری تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی، تاہم اسرائیلی میڈیا کی اس رپورٹ نے عالمی سفارتی حلقوں میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ماہرین اسے خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔