تل ابیب : ایران کے میزائل حملے میں اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ بال بال بچ گئے اور حملے کے بعد ان کی ویڈیو اور تصویر سامنے آگئی۔تفصیلات کے مطابق اسرائیل کے شمالی علاقے کریات شمونہ میں ایرانی میزائل حملے کے نتیجے میں اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ ایک بڑے حادثے میں محفوظ رہے۔میزائل ان کے دورے کے مقام کے بالکل قریب گرا، جس سے علاقے میں شدید کھلبلی مچ گئی۔الجزیرہ ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا اسرائیلی صدر کریات شمونہ کے دورے پر تھے کہ ان کی موجودگی کے فوراً بعد ایک میزائل قریبی مقام پر آ گرا۔حملے کے فوری بعد سیکیورٹی اہلکار نے صدر ہرزوگ کو حصار میں لے کر قریبی محفوظ کمرے میں منتقل کردیا۔حملے کے کچھ ہی دیر بعد سوشل میڈیا اور عالمی میڈیا پر اسرائیلی صدر کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آ گئی ہیں، جن میں انہیں سیکیورٹی اہلکاروں کے ہمراہ حفاظتی اقدامات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب خطے میں ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگی صورتحال انتہائی نازک ہو چکی ہے اور صدر کی موجودگی میں میزائل کا گرنا سیکیورٹی کے حوالے سے ایک بڑا سوالیہ نشان قرار دیا جا رہا ہے۔