بھارت کے پاس کتنے دن کا ایندھن موجود؟ بڑا دعویٰ سامنے آگیا

Wait 5 sec.

بھارت نے آبنائے ہرمز میں رکاوٹوں کے دوران 60 دن تک تیل کی سپلائی محفوظ کر لی۔وزارت تیل نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے اگلے 60 دنوں کے لیے خام تیل کی سپلائی حاصل کر لی ہے جس سے مشرق وسطیٰ سے ترسیل میں رکاوٹ کے باوجود ملک میں ایندھن کی مستحکم فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔بھارت، دنیا کا تیسرا سب سے بڑا تیل کا صارف اور درآمد کنندہ ہے جو اپنی تیل کی درآمدات کا 40 فیصد مشرق وسطیٰ سے خرید رہا تھا۔ایران کے خلاف امریکی اسرائیل جنگ کی وجہ سے یہ سپلائی متاثر ہوئی ہے۔حکومت نے واضح کیا ہے کہ ملک میں پیٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کی کوئی کمی نہیں ہے اور قریباً 60 دن کا ذخیرہ محفوظ ہے جب کہ سپلائی پوری طرح کنٹرول میں ہے۔ حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایندھن کی قلت سے متعلق افواہوں پر کان نہ دھریں۔دوسری جانب قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق، بھارت کے مختلف شہروں میں پیٹرول پمپس پر گاڑیوں کی کلومیٹر لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔حالات اس قدر کشیدہ ہو چکے ہیں کہ پیٹرول پمپس پر نظم و ضبط برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق شہریوں کی بڑی تعداد مستقبل میں ایندھن کی مزید قلت کے ڈر سے ٹینکیاں بھروانے کی کوشش کر رہی ہے، جس سے سپلائی پر دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق ایندھن کی اس اچانک قلت نے نظام زندگی کو مفلوج کر دیا ہے اور عوامی حلقوں میں حکومت کی معاشی پالیسیوں کے خلاف شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔انتظامیہ کی جانب سے صورتحال کو معمول پر لانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، تاہم فی الحال پیٹرول پمپس پر رش اور تناؤ برقرار ہے۔