نئی دہلی(30 مارچ 2026): مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعات کے باعث بھارت میں توانائی کے شدید بحران اور ایل پی جی کی قلت نے شہریوں کو سخت پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے گردش کر رہی ہے جس میں ایک شخص کو گیس سلنڈر کی پوجا کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جسے انٹرنیٹ صارفین بڑھتی ہوئی مہنگائی اور ایندھن کی عدم دستیابی کے خلاف ایک انوکھا احتجاج اور مایوسی کی علامت قرار دے رہے ہیں۔یاد رہے کہ بھارت کو اس وقت ایل پی جی کی شدید قلت کا سامنا کر رہا ہے کیونکہ عالمی سپلائی چین، خاص طور پر آبنائے ہرمز جیسے اہم بحری راستوں میں رکاوٹوں کی وجہ سے گیس کی ترسیل بری طرح متاثر ہوئی ہے۔اس صورتحال نے بھارت بھر میں افراتفری پیدا کر دی ہے، جہاں گیس ایجنسیوں کے باہر طویل قطاریں، خوف کے عالم میں خریداری اور گیس سلنڈروں کی بلیک مارکیٹ میں فروخت کے واقعات عام ہو گئے ہیں۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ حالیہ بحران کے باعث کروڑوں گھرانے کھانا پکانے کے بنیادی ایندھن کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، جس نے عام آدمی کی زندگی کو شدید متاثر کیا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی سطح پر سپلائی کی صورتحال جلد بہتر نہ ہوئی تو توانائی کا یہ بحران مزید سنگین رخ اختیار کر سکتا ہے۔