واشنگٹن(29 مارچ 2026): اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی کرپشن پر امریکی صحافی ٹکر کارلسن کی دستاویزی فلم سامنے آگئی۔امریکی صحافی ٹکر کارلسن نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی کرپشن کے حوالے سے ایک تحقیقاتی رپورٹ اور دستاویزی فلم جاری کی ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ نیتن یاہو کو آج نہیں تو کل جیل جانا پڑے گا۔ ٹکر کارلسن کا کہنا ہے کہ اس رپورٹ میں موجود مواد نیتن یاہو کو سلاخوں کے پیچھے بھیجنے کے لیے کافی ہے۔رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو نے اپنے اور اپنی اہلیہ کے نام پر اسلحہ کے تاجروں سے انتہائی قیمتی تحائف وصول کیے اور بدلے میں ان تاجروں کو ناجائز فائدے پہنچائے۔ دستاویزی فلم میں نیتن یاہو سے پولیس تحقیقات کی ایک ویڈیو بھی لیک ہوئی ہے جس میں وہ قیمتی تحائف لینے کا اعتراف کر رہے ہیں۔تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ جب کرپشن کا بھانڈا پھوٹا تو ویڈیو میں نیتن یاہو انکوائری افسران کو دھمکیاں دیتے ہوئے بھی نظر آئے۔ بار بار سوالات کے باوجود انہوں نے ان ‘دوستوں’ کے نام بتانے سے گریز کیا جنہوں نے انہیں یہ تحائف دیے۔ رپورٹ میں یہ خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ وزارت عظمیٰ سے ہٹنے کے بعد نیتن یاہو اپنا بڑھاپا جیل میں گزاریں گے۔