امریکی فوجی اڈے پر پُراسرار وائٹ پاؤڈر کے باعث کئی افراد کی حالت غیر ہوگئی

Wait 5 sec.

واشگٹن (7 نومبر 2025): امریکی ریاست میری لینڈ کے فوجی اڈے پر پُراسرار وائٹ پاؤڈر سے بھرا پیکٹ کھولنے سے کئی افراد بیمار ہوگئے جبکہ متعدد کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکی میڈیا سی این این نے بتایا کہ واشنگٹن ڈی سی کے قریب واقع جوائنٹ بیس اینڈریوز سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ایک شخص نے مشکوک پیکٹ کھولا تو فوجی اڈے کی ایک عمارت کو ہنگامی طور پر خالی کروانا پڑا۔بیان میں کہا گیا کہ احتیاطاً عمارت اور اس سے ملحقہ عمارت کو خالی کروا لیا گیا اور علاقے کو چاروں اطراف سے محفوظ کر لیا گیا۔سی این این کے مطابق فوجی اڈے سے کئی افراد کو میلکم گروو میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا، ان کی بیماری کی شدت کے بارے میں معلومات سامنے نہیں آ سکیں۔جوائنٹ بیس اینڈریوز کی اہمیت کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ یہاں امریکی صدر کا طیارہ ایئر فورس ون موجود رہتا ہے۔سی این این نے اپنی رپورٹ میں دو افراد کا حوالہ دیا جنہوں نے بتایا کہ پیکٹ میں وائٹ پاؤڈر موجود تھا۔جوائنٹ بیس اینڈریوز کے فرسٹ ریسپانڈرز نے بتایا کہ صوتحال خطرے سے باہر ہے، معاملہ آفس آف اسپیشل انویسٹی گیشنز کے حوالے کر دیا گیا، وہ کمرہ جہاں پیکٹ کھولا گیا تھا اسے مکمل طور پر سیل کر دیا گیا۔