بہار اسمبلی انتخابات میں ووٹنگ کے پہلے مرحلے کے دوران سوشل میڈیا پر الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کی تصاویر لینے اور شیئر کرنے والوں کے خلاف پولیس نے کارروائی شروع کردی ہے۔ اس سلسلے میں گوپال گنج، آرا اور سارن اضلاع میں ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔ افسران کے مطابق یہ کارروائی انتخابی ضابطہ اخلاق اور الیکشن کمیشن کی ہدایات کی خلاف ورزی کے تحت کی گئی ہے۔افسران نے بتایا کہ گوپال گنج میں دولوگوں کے خلاف ، آرا اور سارن میں ایک ایک کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ یہ تمام کیس 7 نومبر کو پہلے مرحلے کی ووٹنگ کے دوران پیش آئے، جب کچھ ووٹروں نے پولنگ اسٹیشنوں کے اندر موبائل فون کے ساتھ ای وی ایم کی تصاویر کھینچیں اور انہیں سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا۔ پولیس کے مطابق پولنگ اسٹیشنوں کے اندر موبائل فون لے جانے پر سختی سے پابندی ہے۔ ایسے حالات میں اب یہ تفتیش کی جارہی ہے کہ ملزم موبائل فون لے کر پولنگ اسٹیشنوں تک پہنچنے میں کیسے پہنچے۔ پولیس افسران کا کہنا تھا کہ انتخابی عمل کی رازداری کو پامال کرنا اور انتخابی مہم سے متعلق مواد شیئر کرنا سنگین جرم ہے۔سارن پولیس نے بتایا کہ 6 نومبر کی صبح تقریباً 10.15 بجے سوشل میڈیا مانیٹرنگ ٹیم نے کچھ اکاونٹس پر الیکشن سے متعلق کچھ گمراہ کن اور نامناسب مواد دیکھا۔ ان میں سے ایک ویڈیو میں ایک سیاسی پارٹی کے حق میں ووٹ کرتے ہوئے ای وی ایم کا ویڈیو بناکر پھیلایا گیا تھا۔ یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہو گیا، جس کے خلاف سائبر پولیس نے کارروائی کی۔ پولیس کا کہنا کہ اس طرح کی حرکتیں نہ صرف انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہیں بلکہ یہ سرکاری کام میں رکاوٹ ڈالنے اور امن و امان میں خلل ڈالنے کی کوشش بھی ہیں۔ ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔اس دوران سارن سائبر پولیس نے وارننگ دی ہے کہ انتخابی عمل کی رازداری سے متعلق کسی بھی قسم کی معلومات، تصاویر یا ویڈیوز کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنا قابل سزا جرم ہے۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ووٹنگ کے دوران کسی بھی چیز کو ریکارڈ کرنے یا پوسٹ کرنے سے گریز کریں۔ ایسا کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔