ریاض (30 اپریل 2026): حج سیزن کا آغاز ہو گیا ہے اور دنیا بھر سے زائرین حجاز مقدس پہنچ رہے ہیں اس بار زائرین حج کو بڑی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔حج سیزن کا آغاز ہو چکا ہے اور دنیا بھر سے زائرین حج اس مقدس فریضہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔مملکت کی جانب سے رائرین حج کو ہر سال فراہم سہولتوں میں اضافہ کیا جاتا ہے تاکہ وہ یہ مقدس فریضہ بغیر کسی پریشانی کے انجام دے سکیں۔ اس بار بھی کئی اہم سہولتیں زائرین کو پہلی بار فراہم کی جا رہی ہیں۔ان میں ایک اسمارٹ گائیڈ اور مملکت کے بین الاقوامی داخلی راستوں پر موبائل کاؤنٹر ڈیوائسز کی فراہمی ہے۔جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹس مختلف بین الاقوامی داخلی مقامات پر، بشمول ہوائی، زمینی اور بحری راستوں پر موبائل کاؤنٹر ڈیوائسز فراہم کر رہا ہے تاکہ عازمینِ حج کے لیے طریقہ کار کو آسان بنایا جا سکے۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ اقدامات جدید ترین ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے کیے جا رہے ہیں جو اعلٰی سطح کی سیکیورٹی اور قابلِ اعتماد کارکردگی کو یقینی بناتے ہوئے حج کے سفر کو مزید آسان بناتے ہیں۔یہ موبائل کاؤنٹرز خاص طور پر بزرگوں اور معذور افراد کے لیے مدد گار ثابت ہو رہے ہیں، کیونکہ یہ با آسانی بایو میٹرک ڈیٹا حاصل کرتا ہے، چہرے کی تصاویر لیتا ہے اور پاسپورٹ کی معلومات موثر انداز میں پڑھتا ہے جس سے انتظار کی ضرورت نہیں رہتی۔دوسری جانب سعودی رائل کمیشن برائے مکہ شہر و مقدس مقامات نے مقدس شہر میں آنے والوں کے لیے معلومات اور خدمات تک رسائی کو بہتر بنانے کی غرض سے ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم "Discover Makkah” کا آغاز کیا ہے۔یہ پلیٹ فارم حجاج اور زائرین کو اپنے سفر کی منصوبہ بندی کرنے اور مکہ مکرمہ میں اہم مقامات پر گھومنے میں مدد کے لیے ایک مربوط سرکاری ذریعہ فراہم کرتا ہے۔ایک اسمارٹ نقشے اور ٹرپ پلانر کے ساتھ ساتھ اس میں قدیم تاریخی علامات، ثقافتی مقامات اور عجائب گھروں کی معلومات شامل ہیں۔رائل کمیشن نے کہا، یہ ایک ہی چینل کے ذریعے قابلِ اعتماد، باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کردہ معلومات فراہم کرتا ہے جس سے متعدد ذرائع کی ضرورت کم ہو جاتی ہے اور زائرین کو ان کے سفر کی منصوبہ بندی میں مدد ملتی ہے۔یہ اقدام سعودی ویژن 2030 کے تحت حجاج کے لیے خدمات اور زائرین کے تجربے کو بہتر بنانے کے اہداف سے مطابقت رکھتا ہے۔ یہ discovermakkah.sa کے پلیٹ فارم پر دستیاب ہے۔