غزہ(30 اپریل 2026): غزہ جانے والے امدادی جہاز کو اسرائیلی فوج نے روک لیا، سمندر میں گھیرے جانے کے بعد ایمرجنسی سگنل جاری کردیا گیا۔عرب میڈیا کے مطابق غزہ کے محصورین کے لیے امداد لے کر جانے والے ‘گلوبل سمود فلوٹیلا’ کو اسرائیلی فوجی کشتیوں نے کھلے سمندر میں روک لیا ہے۔فلوٹیلا انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی اسپیڈ بوٹس نے امدادی جہاز کو چاروں طرف سے گھیر رکھا ہے۔ اسرائیلی فوجیوں نے جدید ہتھیاروں اور لیزر گنز کا رخ شرکاء کی جانب کر دیا ہے اور انہیں گھٹنے ٹیکنے کا حکم دیا گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق کارروائی کے دوران امدادی جہاز کے مواصلاتی نظام میں شدید خلل پیدا کر دیا گیا ہے، جس کے بعد جہاز کی جانب سے ہنگامی صورتحال کے پیشِ نظر ‘ایمرجنسی سگنل’ جاری کر دیے گئے ہیں۔دوسری جانب اسرائیلی ریڈیو نے تصدیق کی ہے کہ دور سمندر میں ہی امدادی جہازوں پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔ واضح رہے کہ یہ فلوٹیلا غزہ کے عوام کے لیے ضروری اشیائے خوردونوش اور ادویات لے کر روانہ ہوا تھا۔