میٹا اے آئی گلاس کی لانچنگ کے ساتھ ہی رازداری کو لے کر سوالات اٹھنے لگے تھے، اور اب یہ تنازعہ بڑے پیمانے پر پہنچ چکا ہے۔ نئی معلومات کے مطابق میٹا گلاس کے ذریعے ریکارڈ کیے گئے ڈاٹا کا جائزہ لینے والوں کی ملازمتیں ختم ہونے جا رہی ہیں۔ یہ افراد ڈاٹا اینوٹیٹرز کے طور پر کام کرتے تھے۔ ان کا کام ویژوئل مواد کو لیبل کرنا اور اے آئی کے جوابات کا جائزہ لے کر ان کی درستگی کو جانچنا تھا۔ڈاٹا ریویو کے دوران کئی بار لوگوں کی حساس تصویریں اور ویڈیوز بھی سامنے آ جاتی تھیں۔ ان ملازمین کا کام میٹا اے آئی اور اسمارٹ گلاسز کے ذریعے لی کی گئی ویڈیوز اور تصاویر کا تجزیہ کرنا تھا تاکہ اے آئی ماڈل کی تربیت کی جا سکے۔ ان ملازمین کو آؤٹ سورسنگ فرم ’سما‘ نے ملازمت دی تھی۔سویڈن کے ایک اخبار نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ اے آئی ٹرینرز کے ذریعے کیے جانے والے ریویو میں کئی بار فوٹیج معمول سے کہیں آگے نکل جاتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملازمین جب ڈاٹا کا تجزیہ کرتے ہیں تو اس میں حساس ریکارڈنگز بھی شامل ہو جاتی ہیں۔ ان میں لوگوں کو ٹوائلٹ استعمال کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا ہے۔ ایک ملازم نے کہا کہ وہ سب کچھ دیکھتے ہیں، یہاں تک کہ بیڈروم کی تصاویر بھی دیکھ چکے ہیں۔رپورٹس سامنے آنے کے بعد میٹا نے ’سما‘ کے ساتھ اپنا معاہدہ ختم کر دیا ہے۔ کمپنی نے اس کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ’سما‘ اس کے مقررہ معیارات پر پورا نہیں اتر سکی۔ حالانکہ ’سما‘ نے میٹا کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے ہمیشہ تمام پیرامیٹرز کی پابندی کی ہے، جن میں آپریشنل، سیکورٹی اور کوالٹی سے متعلق معیارات شامل ہیں۔ بہرحال، اس معاہدے کے خاتمے سے تقریباً 1100 ملازمین کی نوکریاں ختم ہو جائیں گی۔