واشنگٹن(2 مئی 2026): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے مذاکرات کے لیے موصول ہونے والی نئی تجاویز پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فی الحال ایرانی موقف سے خوش نہیں ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ تو چل رہا ہے لیکن تاحال کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران کے حوالے سے صرف دو ہی آپشن موجود ہیں، یا تو اسے ختم کر دیا جائے یا پھر کوئی باقاعدہ ڈیل کی جائے۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہیں یقین نہیں ہے کہ دونوں ممالک کسی معاہدے تک پہنچ پائیں گے، دیگر امور پر گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے بتایا کہ انہوں نے عراق کے نامزد وزیراعظم سے بات کی ہے اور وہ ان کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ تاہم انہوں نے اٹلی اور اسپین کے رویے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ چین کے حوالے سے انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کا آئندہ دورہِ چین بہت شاندار رہے گا۔دوسری جانب ایرانی سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے امریکا کے ساتھ مذاکرات کے لیے نئی تجاویز پر مبنی ایک مسودہ پاکستان کے حوالے کر دیا ہے، تاکہ اسے پاکستان کے ذریعے امریکی حکام تک پہنچایا جا سکے۔ یاد رہے کہ خطے کی صورتحال کے تناظر میں پاکستان دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے۔