تہران : ایران کے وزیرخارجہ عباس عراقچی نے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ کو جنگ کے خاتمے سے متعلق ایران کے موقف اور اقدامات سے آگاہ کردیا۔تفصیلات کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال اور جاری جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کر دی۔ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ‘ارنا’ کی جانب سے بتایا کہ ایرانی وزیر خارجہ نے روس، سعودی عرب، مصر، ترکیہ، قطر، عراق اور آذربائیجان کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فونک رابطے کیے ہیں۔رابطوں کے دوران عباس عراقچی نے خطے کی مجموعی صورتحال سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے اپنے ہم منصبوں کو جنگ بندی اور تنازعات کے خاتمے سے متعلق ایران کے اصولی موقف اور تہران کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے عباس عراقچی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روس خطے میں قیامِ امن اور جنگ کے خاتمے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں استحکام لانے کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔علاوہ ازیں، ایرانی وزیر خارجہ نے یورپی یونین کے خارجہ امور اور سلامتی پالیسی کی اعلیٰ نمائندہ کاجا کالس سے بھی رابطہ کیا، اس گفتگو میں علاقائی سلامتی اور بین الاقوامی تعاون کے ذریعے بحران کے حل پر بات چیت کی گئی۔ان سفارتی رابطوں کا مقصد علاقائی طاقتوں کو اعتماد میں لینا اور جنگ کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ایک مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنا ہے۔