(29 اگست 2025): روس نے یوکرین پر اپنے حملے تیز کرتے ہوئے اس کے سب سے بڑے بحری جہاں سمفروپول کو تباہ کر دیا۔یہ دعویٰ غیر ملکی میڈیا کی جانب سے کیا جا رہا ہے جبکہ اس حوالے سے کچھ فوٹیج بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کر رہی ہیں جس میں بحری جہاز پر ڈرون حملے کا مشاہدہ کیا جا سکتا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین کی بحریہ نے بعدازاں روسی حملے کی تصدیق کی اور عملے کے ایک رکن کی ہلاکت کی اطلاع دی۔بتایا گیا کہ بحری جہاز کو دریائے ڈینیوب کے ڈیلٹا میں ڈرون سے نشانہ بنایا گیا جس کا ایک حصہ یوکرین کے اوڈیسا علاقے میں واقع ہے۔یوکرین کی بحریہ کے ترجمان نے بتایا کہ حملے کے بعد کی صورتحال سے نمٹنے کی کوششیں جاری ہیں، عملے کی اکثریت محفوظ ہے تاہم کچھ لاپتا ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔لگونا کلاس کا بحری جہاز سمفروپول 2019 میں لانچ کیا گیا تھا اور دو سال بعد یوکرین کی بحریہ میں شامل ہوا جو ایک دہائی سے زائد عرصے میں اس کی طرف سے کام کرنے والا سب سے بڑا جہاز ہے۔یہ ریڈیو، الیکٹرانک، ریڈار اور آپٹیکل جاسوسی کیلیے ڈیزائن کیا گیا اور 30 ملی میٹر AK-306 آرٹلری سسٹم سے مسلح ہے۔روس نے جمعرات کو یوکرین کے دارالحکومت کیف پر ایک بڑے ڈرون اور میزائل سے حملہ کیا جس میں کم از کم 21 افراد ہلاک، 48 زخمی اور یورپی یونین کے سفارتی دفاتر کو نقصان پہنچا۔