امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس میں پولیس نے فائرنگ کرکے ایک 36 سالہ سکھ کو موت کے گھاٹ اتار دیا، فائرنگ کے واقعے میں ہلاک سکھ کی شناخت گرپریت سنگھ کے نام سے ہوئی ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ 13 جولائی کو لاس اینجلس کے مصروف ترین علاقے کرپٹو ڈاٹ کام ایرینا کے قریب رونما ہوا، جہاں سکھ شخص اپنا روایتی سِکھ مارشل آرٹ ’گَٹکا‘ کے انداز میں سڑک پر تلوار لہرارہا تھا۔رپورٹس کے مطابق لاس اینجلس پولیس ڈیپارٹمنٹ (ایل اے پی ڈی) کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص گُرپریت سنگھ نے اپنی گاڑی سڑک کے بیچ میں کھڑی کرکے دو دھاری تلوار سے لوگوں کو ڈرایا۔پولیس نے گرپریت سنگھ کو بار بار تلوار پھینکنے کے احکامات دیے مگر اس نے پولیس کے ساتھ تعاون نہیں کیا اور تلوار لہرانے میں مصروف رہا۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرپریت سنگھ نے پہلے پولیس افسران کی جانب بوتل پھینکی اور پھر موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی، تعاقب کرنے پر اپنی گاڑی کو پولیس کی گاڑی سے ٹکرایا، جب پولیس اس کے قریب پہنچی تو اس نے تلوار سے حملہ کرنے کی کوشش کی جس پر افسران نے فائرنگ کی۔سوشل میڈیا پر بلاک کیوں کیا؟ نوجوان نے گرل فرینڈ کا گلا کاٹ دیاغیر ملکی میڈیا کے مطابق گرپریت سنگھ کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا مگر اسپتال پہنچنے سے قبل ہی وہ جان کی بازی ہار گیا۔پولیس کے مطابق پولیس نے جائے وقوعہ سے دو فٹ لمبا ’کھنڈا‘ (دو دھاری تلوار) برآمد کر کے ثبوت کے طور پر محفوظ کر لیا ہے، اس واقعے میں کوئی پولیس اہلکار یا عام شہری زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں ملیں۔