نئی دہلی: کانگریس کے سینئر لیڈر اور دہلی یونٹ کے صدر دیویندر یادو نے آج اپنے ایک بیان میں کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کی سازش کے تحت بی جے پی کی ریکھا گپتا حکومت عوام مخالف قدم اٹھا رہی ہے۔ یہ حکومت بجلی کمپنیوں کو مالی فائدہ پہنچانے کے لیے دہلی برقی ریگولیٹری کمیشن (ڈی ای آر سی) کو صارفین کی بجلی کے مصرف پر ایندھن اور بجلی خریداری کے ایڈجسٹمنٹ چارجز (پی پی اے) میں بغیر کسی اجازت کے خود بخود اضافہ کرنے کی تجویز لانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ اس سے دہلی کی عوام کو لوٹنے کا راستہ ہموار ہو رہا ہے۔ انھوں نے سوال کیا کہ کیا ڈی ای آر سی کے ’پی پی اے چارجز‘ میں اضافہ کے لیے 24 ستمبر تک تجاویز یا اعتراضات طلب کرنا صرف اس کے نفاذ کی ایک رسمی کارروائی ہے؟ ایندھن کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے مطابق اب بجلی کمپنیاں خود ہی بجلی کے بلوں میں اضافے کا فیصلہ کریں گی۔دیویندر یادو نے کہا کہ میں یہ بات یاد دلانا چاہتا ہوں کہ مارچ میں بجلی کے وزیر آشیش سود نے اسمبلی میں کہا تھا کہ بجلی کی قیمتیں ممکنہ طور پر بڑھیں گی، کیونکہ عام آدمی پارٹی (عآپ) کی حکومت نے ڈسکام پر 27,000 کروڑ کا قرض چھوڑا ہے، اور بجلی کمپنیوں کو قیمتیں بڑھا کر وصول کرنے کا اختیار ہے۔ یہ انتہائی حساس مسئلہ ہے کہ بی جے پی بجلی صارفین کو راحت دینے کے بجائے بجلی کمپنیوں کے حق میں بات کر رہی ہے۔دیویندر یادو کا کہنا ہے کہ عآپ حکومت کے دوران جب اروند کیجریوال وزیر اعلیٰ تھے، انہوں نے ڈسکام کو بجلی کی قیمتوں میں براہ راست اضافہ نہ کرنے کی اجازت دے کر مختلف سرچارجز لگانے کی اجازت دی تھی۔ اُس وقت بی جے پی نے پی پی اے میں اضافہ کی سخت مخالفت کی تھی اور بجلی کے بلوں پر پی پی اے کے اضافہ کو واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقتدار کا نشہ ہے کہ بی جے پی حکومت لوگوں پر بھاری بوجھ ڈالنے کے لیے ڈسکام کو بجلی کی قیمتوں میں خود بخود اضافہ کرنے کی اجازت دے کر نیا راستہ صاف کر رہی ہے۔ پی پی اے چارجز کے تحت بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں کے لیے استعمال ہونے والے کوئلہ اور گیس جیسے ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کے مطابق صارفین کی بجلی کے استعمال پر ماہانہ بلوں میں تبدیلی کرنے کی پالیسی تیار کی گئی ہے، جس کا مقصد لوگوں کو لوٹنا ہے۔دیویندر یادو کے مطابق کوئلہ اور گیس کی قیمتوں میں کمی آنے کے باوجود ڈسکام صارفین کو فائدہ نہیں پہنچائے گی کیونکہ ایک بار قیمتوں میں اضافہ ہونے کے بعد بہت کم ایسا ہوتا ہے کہ قیمتیں کم کی جائیں۔ مثلاً پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے بعد بھی قیمتوں میں کمی دیکھنے کو نہیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی کھلی حمایت سے تیل کمپنیاں اکثر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہونے پر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کر دیتی ہیں، لیکن جب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت تیزی سے کم ہوتی ہے تو اس کا فائدہ صارفین کو نہیں دیا جاتا اور حکومت تیل کمپنیوں کو اس کا پورا فائدہ پہنچانے کے لیے کام کرتی ہے۔دیویندر یادو نے حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ جب سے ریکھا گپتا حکومت دہلی میں آئی ہے، تب سے عوام کو بی جے پی کی عوام دشمن پالیسیوں کا خمیازہ بھگتنا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھگی جھونپڑی والے غریب لوگوں کو بغیر متبادل رہائش دیے ان کو بے گھر کر دیا، حالانکہ انتخابی منشور میں جہاں جھگی، وہاں مکان کا وعدہ کیا گیا تھا۔ اسی طرح، ٹوٹ پھوٹ والی سڑکوں کی مرمت، خراب نالوں، سیوروں اور جمنا کی صفائی سمیت دہلی کی عوام سے کیے گئے تمام وعدے ابھی تک پورے نہیں کیے گئے ہیں۔