تہران (30 اگست 2025): ایران میں حساس مقامات اور اعلیٰ فوجی قیادت کی تفصیلات اسرائیل بھیجنے کی کوشش میں خفیہ ایجنسی موساد کے 8 اریجٹ گرفتار کر لیے گئے۔خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب نے بتایا کہ اس نے 8 ایسے ایجنٹ پکڑے ہیں جن پر شبہ ہے کہ وہ حساس مقامات اور اعلیٰ فوجی قیادت کے بارے میں تفصیلات اسرائیل کو منتقل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ان پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے جون میں ایران اسرائیل جنگ کے دوران موساد کو حساس معلومات فراہم کیں۔ جنگ میں ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے اور اعلیٰ فوجی کمانڈروں و سائنسدانوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔یہ بھی پڑھیں: ایران کے جوہری پروگرام سے نظریں نہیں ہٹیں گی، موساد چیفایران نے جوابی کارروائی میں اسرائیل کے فوجی مقامات، انفراسٹرکچر اور شہروں پر میزائلوں کے داغے تھے۔ امریکا 22 جون کو جنگ میں شامل ہوا اور ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کیے۔ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق گرفتار مشتبہ افراد نے آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے موساد سے خصوصی تربیت حاصل کی، انہیں شمال مشرقی ایران میں منصوبوں کو انجام دینے سے پہلے گرفتار کیا گیا، ان کے قبضے سے لانچرز، بم، دھماکا خیز مواد اور بوبی ٹریپس بنانے کا مواد برآمد ہوا۔ایران کے سرکاری میڈیا نے اس ماہ کے شروع میں بتایا تھا کہ ایرانی پولیس نے اسرائیل کے ساتھ 12 روزہ جنگ کے دوران 21000 کے قریب مشتبہ افراد کو گرفتار کیا۔تہران نے حالیہ مہینوں میں کم از کم 8 افراد کو پھانسی دی جن میں ایٹمی سائنسدان بھی شامل تھے جنہیں اسرائیل کے فضائی حملوں میں ہلاک ہونے والے ایک اور سائنسدان کے بارے میں اسرائیل کو معلومات فراہم کرنے کا الزام تھا۔