غزہ جنگ : برطانیہ نے اسرائیل کو عالمی دفاعی نمائش میں شرکت سے روک دیا

Wait 5 sec.

لندن : برطانیہ نے غزہ جنگ کے حوالے سے بڑا فیصلہ لیتے ہوئے اپنی عالمی دفاعی نمائش میں اسرائیلی وفد کی شرکت پر پابندی عائد کردی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں انسانی بحران کے بارے میں بڑھتی ہوئی تشویش پر برطانیہ نے اسرائیلی وفد کو لندن میں ہونے والی عالمی دفاعی نمائش میں شرکت سے روک دیا ہے۔رپورٹ کے مطابق غزہ میں جنگ کے باعث اسرائیلی سرکاری وفد کو ڈی ایس ای آئی نمائش میں نہ بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس حوالے سے برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل کا فوجی کارروائیوں میں مزید شدت لانا غلط ہے، جنگ بندی، یرغمالیوں کی واپسی اور اہل غزہ کیلئے فوری امداد ضروری ہے۔ڈی ایس ای آئی انتظامیہ کے مطابق اسرائیل کی انفرادی دفاعی کمپنیوں کو نمائش میں شرکت کی اجازت ہوگی۔لبرل ڈیموکریٹس کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو اسلحہ برآمد پر پابندی عائد نہ کرنا حکومت کی ذمہ داری سے فرار ہے۔دوسری جانب غزہ وزارت صحت نے بتایا ہے کہ اسرائیلی حملوں سے اب تک 62 ہزار 966فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں 5 لاکھ سے زائد افراد بھوک اور قحط کے خطرے سے دوچار ہیں،اسرائیلی وزارت دفاع نے اس اقدام کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ افسوسناک امتیازی سلوک ہے، اسرائیلی پویلین نہیں لگایا جائے گا، واضح رہے کہ عالمی دفاعی نمائش میں پاکستان سمیت متعدد ممالک کے پویلین ہوں گے۔