سعودی ولی عہد 18 نومبر کو صدر ٹرمپ سے ملاقات کریں گے، وائٹ ہاؤس

Wait 5 sec.

واشنگٹن (04 نومبر 2025): وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ سعودی ولئ عہد 18 نومبر کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔روئٹرز کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ایک عہدے دار نے پیر کے روز بتایا کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اٹھارہ نومبر کو وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ایک سرکاری دورے کے دوران ملاقات کریں گے۔یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب صدر ٹرمپ کا اصرار ہے کہ سعودی عرب ’’ابراہم معاہدوں‘‘ میں شامل ہو جائے، یہ وہ سفارتی اقدام ہے جس کے تحت متحدہ عرب امارات، بحرین، سوڈان اور مراکش نے 2020 میں اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے معاہدے کیے تھے۔ تاہم سعودی عرب نے فلسطینی ریاست کے قیام سے متعلق پیش رفت کے بغیر ان معاہدوں میں شمولیت سے گریز کیا ہے۔صدر ٹرمپ نے سی بی ایس کے پروگرام ’’60 منٹس‘‘ میں نشر ہونے والے ایک انٹرویو میں کہا کہ انھیں یقین ہے کہ بالآخر سعودی عرب بھی ابراہم معاہدوں کا حصہ بن جائے گا۔جوہری تجربات: چین کا امریکا کو دوٹوک جواباطلاعات کے مطابق اس ملاقات میں ممکنہ امریکی۔سعودی دفاعی معاہدے پر بھی بات چیت متوقع ہے، فنانشل ٹائمز نے دو ہفتے قبل رپورٹ کیا تھا کہ دونوں ممالک اس دورے کے دوران ایسے کسی معاہدے پر دستخط کی امید رکھتے ہیں۔ سعودی عرب امریکا سے اپنی سلامتی کے لیے باضابطہ دفاعی ضمانتوں اور جدید امریکی اسلحے تک زیادہ رسائی چاہتا ہے۔سعودی عرب امریکی دفاعی صنعت کا ایک بڑا خریدار ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان دہائیوں پر محیط تعلقات توانائی اور سلامتی کے تبادلے پر مبنی ہیں، یعنی سعودی عرب تیل فراہم کرتا ہے جب کہ امریکا سیکیورٹی کی ضمانت دیتا ہے۔ گزشتہ مئی میں صدر ٹرمپ کے ریاض کے دورے کے دوران، امریکا نے سعودی عرب کو تقریباً 142 ارب ڈالر مالیت کے ہتھیار فروخت کرنے پر اتفاق کیا تھا۔