جنگ بندی کے اعلان کے بعد ایران میں جشن کا سماں ، سڑکوں پر شہریوں کا سمندر امڈ آیا

Wait 5 sec.

تہران : ایران کے دارالحکومت تہران سمیت مختلف شہروں میں جنگ بندی کے بعد خوشی کی لہر دوڑ گئی اور سڑکوں پر شہریوں کا سمندر امڈ آیا۔تفصیلات کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے باقاعدہ اعلان کے بعد ایرانی دارالحکومت تہران سمیت ملک کے مختلف حصوں میں جشن کا سماں ہے۔ .طویل تناؤ کے بعد امن کی خبر سنتے ہی شہریوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی۔تہران کے معروف چوراہوں اور شاہراہوں پر ہزاروں افراد جمع ہوئے، جہاں انہوں نے ایران کے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے۔نوجوانوں اور خاندانوں کی بڑی تعداد نے نعرے لگا کر جنگ بندی کا خیرمقدم کیا، شہریوں کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے نہ صرف خطے میں جاری بے یقینی کا خاتمہ ہوگا بلکہ معاشی استحکام کی راہیں بھی ہموار ہوں گی۔ایرانی میڈیا کے مطابق مشہد، اصفہان اور تبریز جیسے بڑے شہروں میں بھی عوام نے اسی طرح خوشی کا اظہار کیا۔شہریوں نے بین الاقوامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "ہم جنگ نہیں بلکہ ترقی اور امن چاہتے ہیں”، عوام کے مطابق یہ معاہدہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کی جانب ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔عوامی حلقوں کی جانب سے اس پیش رفت کو سفارتکاری کی فتح قرار دیا جا رہا ہے۔ تہران کی فضاؤں میں امن کے حق میں نعروں کی گونج نے ثابت کر دیا کہ ایرانی عوام اس فیصلے کو اپنی بڑی تزویراتی اور معاشی کامیابی سمجھ رہے ہیں۔