اسٹینڈ اپ کامیڈین کنال کامرا نے مہاراشٹر قانون ساز کونسل کی استحقاق کمیٹی کے سامنے پیش ہو کر ’سیاسی طنز‘ کی کھل کر وکالت کی۔ 9 اپریل 2026 کو ہوئی اس سماعت کے دوران، کامرا نے اپنے تحریری بیان میں پورے معاملے کو ایک ستم ظریفی قرار دیا اور کہا کہ انہیں محض ایک مذاق کی وجہ سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے اس دوران بالا صاحب ٹھاکرے کی وراثت کا بھی ذکر کیا۔ہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع خبر کے مطابق کنال کامرا نے اپنے بیان میں کہا کہ بالا صاحب ٹھاکرے صرف ایک سیاستداں نہیں تھے، بلکہ ملک کے سب سے مشہور سیاسی کارٹونسٹوں میں سے ایک تھے۔ انہوں نے دہائیوں تک اقتدار میں بیٹھے لوگوں، یہاں تک کہ وزرائے اعظم تک پر تنقید کی اور ان کا مذاق اڑایا، لیکن ان کے خلاف کبھی استحقاق کی خلاف ورزی جیسی کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ کامرا نے کمیٹی کو یاد دلایا کہ سیاسی طنز جمہوریت کا ایک اہم حصہ ہے اور آج کے فنکار بھی اسی روایت کو آگے بڑھا رہے ہیں۔کنال کامرا نے یہ بھی کہا کہ مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے جس نظریے کی نمائندگی کرنے کا دعویٰ کرتے ہیں، اس کی بنیاد ہی طنز اور تنقید پر ٹکی رہی ہے۔ ایسے میں اگر اسی روایت کو آج کے دور میں روکا جاتا ہے، تو یہ اس وراثت کے خلاف ہوگا جسے خود یہ رہنما آگے بڑھانے کی بات کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ یہ پورا معاملہ کامرا کے ایک شو ’نیا بھارت‘ سے جڑا ہے، جس میں انہوں نے بالی ووڈ کے مشہور گانے ’بھولی سی صورت‘ کی پیروڈی پیش کی تھی۔ کمیٹی کا الزام ہے کہ اس پیشکش کے ذریعے کامرا نے جان بوجھ کر نائب وزیر اعلیٰ شندے کا مذاق اڑایا اور مہاراشٹر اسمبلی کی توہین کی۔ تاہم کامرا نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کام 2022 کے سیاسی واقعات پر مبنی ہے اور اس سے ایوان کی کارروائی پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔کامیڈین کنال کامرا نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ انہوں نے غدار لفظ کا استعمال ایک ذاتی رائے کے طور پر کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ لفظ پہلے بھی عوامی سطح پر کئی بڑے لیڈران کی طرف سے استعمال کیا جا چکا ہے، جن میں ادھو ٹھاکرے اور اجیت پوار جیسے نام شامل ہیں۔ ایسے میں ان کے خلاف کارروائی کرنا اظہار رائے کی آزادی پر سوالیہ نشان کھڑا کرتا ہے۔ سماعت کے دوران کمیٹی کے چیئرمین پرساد لاڈ نے تسلیم کیا کہ کامرا کا رویہ باوقار رہا، لیکن انہوں نے غیر مشروط معافی مانگنے سے انکار کر دیا۔ اس پر کامرا نے صاف کہا کہ اگر وہ معافی مانگتے ہیں تو وہ ایمانداری نہیں ہوگی اور اس سے ایک غلط مثال قائم ہوگی۔واضح رہے کہ سماعت کے بعد کامرا نے سوشل میڈیا پر بھی اپنی بات دوہرائی۔ کامرا کے مطابق انہوں نے کمیٹی سے صاف کہہ دیا ہے کہ معافی مانگنا ان کے لیے ممکن نہیں ہے، کیونکہ اس سے فنکارانہ آزادی کو خطرہ لاحق ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جمہوری اداروں کی طاقت کا استعمال شہریوں کو خاموش کرانے کے لیے نہیں ہونا چاہیے، خاص طور پر تب جب وہ صرف طنز یا مزاح کے ذریعے اپنی بات رکھ رہے ہوں۔ کامرا کا یہ موقف ایک بڑی بحث کو جنم دے رہا ہے، جس میں یہ سوال اٹھ رہا ہے کہ کیا سیاسی طنز کو محدود کیا جا سکتا ہے۔ کامرا کا کہنا ہے کہ جمہوریت میں غیر آرام دہ خیالات اور تنقید کے لیے بھی جگہ ہونی چاہیے۔ اگر فنکاروں اور کامیڈین کو خوف کے ماحول میں کام کرنا پڑے گا، تو اس سے معاشرے میں کھل کر رائے رکھنے کی روایت کمزور ہوگی۔قابل ذکر ہے کہ اس پورے واقعہ میں کامرا نے جس طرح سے بالا صاحب ٹھاکرے کی وراثت کا حوالہ دیا، وہ بحث کا ایک بڑا موضوع بن گیا ہے۔ انہوں نے یہ بتانے کی کوشش کی کہ جس روایت میں اقتدار پر تنقید کو قبول کیا جاتا تھا، آج اسی کو لے کر تنازعہ کھڑا کیا جا رہا ہے۔ آخر میں کامرا نے اپنے بیان میں یہ واضح کیا کہ ان کا مقصد کسی ادارے کی توہین کرنا نہیں تھا، بلکہ سیاسی واقعات پر طنز کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسے معاملات میں کارروائی ہوتی ہے، تو یہ صرف ایک فنکار کا معاملہ نہیں رہے گا، بلکہ یہ پورے معاشرے میں اظہار رائے کی آزادی کو متاثر کرے گا۔