واشنگٹن (12 اپریل 2026): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنا میڈیا جھوٹا قرار دے دیا، ان کا کہنا ہے کہ فیک نیوز میڈیا کو ’ٹرمپ ڈرینجمنٹ سنڈروم‘ لاحق ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا کہ جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کی رہی سہی ساکھ بھی اب مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے، ٹرمپ دشمنی میں یہ پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے کہ ایران جیت رہا ہے، جب کہ حقیقت میں ہر کوئی جانتا ہے کہ وہ یہ جنگ بری طرح ہار چکا ہے۔انھوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی بحریہ، فضائیہ، ریڈار اور دفاعی نظام کے ساتھ میزائل اور ڈرون بنانے والی فیکٹریاں بھی تباہ ہو چکی ہیں، ان کی اہم قیادت بھی اب باقی نہیں رہی، ایران کے پاس اب صرف سمندری بارودی سرنگوں کی دھمکی باقی ہے، ان سرنگوں کو بچھانے والی تمام کشتیاں بھی تباہ کی جا چکی ہیں، امریکا اب پوری دنیا کی خاطر آبنائے ہرمز کو صاف کرنے کا کام شروع کر رہا ہے، دیگر ملکوں میں خود ایسا کرنے کی ہمت اور حوصلہ نہیں۔چین نے ایران کو ہتھیار بھیجے تو اسے بڑے مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا، صدر ٹرمپدریں اثنا، امریکی صدر نے آبنائے ہرمز کے بارے میں سوال کرنے پر این بی سی کی خاتون رپورٹر کو اس کے منہ پر سخت جواب دیا۔ ہفتے کے روز ٹرمپ میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایئر فورس ون سے اترتے ہوئے ایک رپورٹر کے ساتھ تلخ گفتگو میں الجھ گئے۔رپورٹر نے ایران کے امریکی دھمکیوں کے جواب اور آبنائے ہرمز کی مسلسل بندش کے بارے میں سوال کیا کہ آبنائے کھولنے سے متعلق دھمکیوں کو ایران نہیں سن رہا، تو ٹرمپ اس پر ایک دم برافروختہ ہو گئے اور کہا ’’تم نے یہ کیوں کہا؟‘‘ اور رپورٹر سے کہا ’’تم کچھ نہیں جانتی‘‘ اس کے بعد انھوں نے رپورٹر کی وابستگی کے بارے میں پوچھا، جب رپورٹر نے بتایا کہ وہ این بی سی نیوز سے ہیں تو ٹرمپ نے جواب دیا ’’این بی سی؟ یہ فیک نیوز ہے۔‘‘واضح رہے یہ ٹرمپ ڈیرینجمنٹ سنڈروم (TDS) دراصل کوئی باقاعدہ طبی یا نفسیاتی بیماری نہیں ہے، بلکہ ایک سیاسی اور غیر رسمی اصطلاح ہے۔ یہ اصطلاح خاص طور پر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کی طرف سے استعمال کی جاتی ہے تاکہ اُن لوگوں کی تنقید کا نشانہ بنایا جا سکے جو ٹرمپ کے خلاف بہت شدید، جذباتی یا حد سے بڑھی ہوئی رائے رکھتے ہیں۔ اس کا مطلب ہے ’’ٹرمپ کے خلاف حد سے زیادہ جذباتی یا غیر متوازن ردِعمل کا عارضہ۔‘‘