کینبرا: آسٹریلیا کی دفاعی تاریخ میں نیا باب رقم ہونے کا جارہا ہے، پہلی بار خاتون جنرل کو فوج کا سربراہ مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کی دفاعی قیادت میں ایک بڑی اور تاریخی تبدیلی عمل میں لائی گئی ہے۔ آسٹریلیا کی تاریخ میں پہلی بار ایک خاتون جنرل کو فوج کا سربراہ (آرمی چیف) مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیراعظم انتھونی البانیز نے باضابطہ اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ لیفٹیننٹ جنرل سوسن کوائل، جو اس وقت جوائنٹ کیپبلٹیز کی سربراہ ہیں۔جولائی میں سبکدوش ہونے والے آرمی چیف کی جگہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گی، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ تقرری آسٹریلوی دفاعی نظام میں ایک نئی روایت کا آغاز ہے اور جولائی سے ملک کو اپنی تاریخ کی پہلی خاتون فوجی سربراہ میسر ہو گی۔55 سالہ سوسن کوائل نے 1987 میں آسٹریلوی فوج میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اپنے طویل اور شاندار کیریئر کے دوران وہ کئی اہم کمانڈ عہدوں پر فائز رہی ہیں، تاہم وہ آسٹریلوی فوج کی کسی بھی شاخ کی قیادت کرنے والی پہلی خاتون بننے جا رہی ہیں۔دفاعی ماہرین کے مطابق سوسن کوائل کی یہ تعیناتی ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب آسٹریلوی افواج اپنی صفوں میں خواتین افسران کی نمائندگی بڑھانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہیں۔