تہران(13 اپریل 2026): ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے آبنائے ہرمز کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ ریمارکس پر سخت اور طنزیہ ردعمل جاری کیا ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں قالیباف نے ممکنہ ناکہ بندی کے تصور کا مذاق اڑاتے ہوئے امریکا اور عالمی منڈیوں کے لیے سنگین معاشی نتائج کی وارننگ دی۔ باقر قالیباف نے ٹرمپ کے بیانات پر براہ راست ضرب لگاتے ہوئے لکھا "اس نام نہاد ناکہ بندی کے بعد تم جلد ہی 4 سے 5 ڈالر فی گیلن ایندھن کی قیمتوں کو یاد کرو گے۔یہ بھی پڑھیں: امریکا آبنائے ہرمز میں داخل ہونے والے تمام جہازوں کو روکے گا، ٹرمپ کا اعلانقالیباف کے اس بیان کو وسیع پیمانے پر ایک انتباہ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے کہ دنیا میں تیل کی ترسیل کے اہم ترین راستے آبنائے ہرمز میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں میں زبردست اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔ایرانی اسپیکر نے معاشی وارننگ کے ساتھ ساتھ امریکا کو ایران کے عزم کا امتحان لینے کے خلاف بھی متنبہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا ایران کے پختہ ارادے کو دوبارہ آزمانے کی کوشش نہ کریں۔ کوئی بھی غلطی پہلے سے بڑا سبق سکھائے گی۔ قالیباف نے مزید کہا کہ اگر امریکا جنگ کا انتخاب کرتا ہے تو ہم جنگ سے جواب دیں گے، اور اگر وہ منطق کے ساتھ آتا ہے تو ہم بھی منطق سے جواب دیں گے۔