تہران (09 مارچ 2026): ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاسدارانِ انقلاب نے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں سے بچنے کے لیے جہازوں کی رہنمائی کے لیے ایک نقشہ جاری کیا ہے۔ایران کی پاسدارانِ انقلاب بحریہ نے ایک نقشہ جاری کیا ہے جس میں آبنائے ہرمز میں متبادل بحری راستے دکھائے گئے ہیں، تاکہ گزرنے والے جہاز بارودی سرنگوں سے بچ سکیں، الجزیرہ ٹی وی کے مطابق پاسداران انقلاب نیول فورسز نے نقشے میں متبادل بحری راستوں کی نشان دہی کی ہے۔آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کے لیے متبادل روٹس بارودی سرنگوں کے خدشے کے پیش نظر جاری کیے گئے ہیں، ایرانی بحری فوج کے مطابق ایسے روٹس بتائے جا رہے ہیں جس سے بحری جہازوں کے تحفظ میں مدد ملے گی۔اسرائیل ایران جنگ سے متعلق تمام خبریں یہاں پڑھیںبحری فوج نے کہا بحری جہاز ہم سے رابطے میں رہتے ہوئے آبنائے ہرمز عبور کریں، جہاز بحیرہ عمان سے داخل ہو کر لاراک جزیرے کے شمال کی طرف جائیں، اور لاراک جزیرے کے شمال سے خلیج کی طرف جائیں، واپس جانے کے لیے جہاز خلیج سے جزیرہ لاراک کے جنوب میں جائیں، اور جزیرہ لاراک کے جنوب سے بحیرہ عمان کی طرف جائیں۔ادھر ایرانی تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق آبنائے ہرمز میں جہازوں کی بڑی تعداد اب بھی پھنسی ہوئی ہے، ایرانی افواج کی اجازت کے بغیر آبنائے ہرمز کے راستے آمد و رفت ممکن نہیں ہوگی۔