نئی دہلی (12 اپریل 2026): پاکستان کی کامیاب ثالثی اور مذاکرات کی میزبانی پر بھارتی میڈیا پاگل ہو گیا اور بے پر کی اڑا کر دنیا میں اپنا مذاق بنوا رہا ہے۔پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کی بدولت ایران امریکا جنگ بندی کرا کے تیسری عالمی جنگ کا راستہ روکنے پر بھارت میں پہلے ہی صف ماتم بچھی ہوئی تھی۔ اس پر ایران امریکا امن مذاکرات کی میزبانی اور امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی پاکستان آمد نے گویا وہاں آگ لگا دی۔جے ڈی وینس کی پاکستان آمد پر بھارت کا مین اسٹریم میڈیا ایسا بد حواس اور پاگل ہوا کہ ایسی ایسی مضحکہ خیز جھوٹی خبریں دیں اور بے پرکی اڑائی کہ دنیا میں اپنا مذاق خود بنوایا۔ جو بھی بھارتی میڈیا کو دیکھ رہا ہے وہ قہقہے لگانے پر مجبور ہو رہا ہے۔بھارتی ٹی وی انڈیا ٹوڈے پر اینکر نے بوکھلاہٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بریکنگ نیوز کے طور پر دعویٰ کیا کہ جے ڈی وینس پاکستان نہیں پہنچیں گے اور ممکنہ طور پر دورانِ سفر اپنا رخ تبدیل کر کے امریکا واپس جا سکتے ہیں۔جے ڈی وینس نے اپنے بڑے وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ کر بھارتی ٹی وی کی منفی اور جھوٹی رپورٹنگ کا پول کھول دیا۔اسی بھارتی اینکر نے حد سے زیادہ جھنجھلاہٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے خود کو اپنے تئیں ٹی وی اینکر کے بجائے سیاسی مشیر سمجھا اور کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ امریکا اس بات کو سمجھے گا کہ جے ڈی وینس کو پاکستان نہیں آنا چاہیے، کیونکہ کوئی بھی پاکستان کو اس کا (جنگ بندی ) کریڈٹ نہیں دینا چاہتا۔مذکورہ اینکر نے اپنی عوام کو بے وقوف بنانے کے لیے یہ خبر بھی اڑائی کہ اس وقت پدمنابھ سوامی مندر میں پراتھنائیں ہو رہی ہیں جہاں وزیر اعظم مودی نے پنڈتوں کو تین، تین ہزار روپے دیے ہیں تاکہ وہ جے ڈی وینس کا طیارہ پاکستان نہ پہنچنے اور درمیان سے واپس پلٹ جانے کی دعا کریں۔https://urdu.arynews.tv/wp-content/uploads/2026/04/nd.mp4 اس مضحکہ خیز صحافت پر پاکستانی اور عالمی مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارت اپنی روایتی ہٹ دھرمی کے باعث پاکستان کی یہ کامیابی ہضم نہیں کر پا رہا اور تیسری عالمی جنگ کے دہانے پر کھڑی دنیا کو اس سے بچانے کی کوششوں کے موقع پر بھی بھارتی میڈیا بچکانہ اور احمقانہ حرکتیں کر رہا ہے۔