بیجنگ (12 اپریل 2026): چینی میڈیا نے ایران جنگ کے تناظر میں اے آئی کی مدد سے امریکی صدر ٹرمپ پر طنزیہ مختصر فلم بنائی ہے۔ایران اور امریکا کے درمیان 15 روزہ جنگ بندی کا معاہدہ جاری ہے تاہم اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں فریقین میں کوئی معاہدہ نہیں ہو سکا ہے۔اس جنگ کے تناظر میں امریکی صدر ٹرمپ کے بدلتے بیانات اور مضحکہ خیز دعوے جہاں دنیا بھر میں بحث کا موضوع بن رہے ہیں، وہیں چین نے بھی صدر ٹرمپ پر جنگ کے تناظر میں طنزیہ مختصر فلم بنا ڈالی ہے۔مارشل آرٹس فلموں سے متاثر اس مختصر اینیمیٹڈ فلم میں ایران کی جنگ کو علامتی انداز میں پیش کیا گیا ہے۔فلم میں ایک سفید عقاب کو امریکا کی نمائندگی کرتے دکھایا گیا ہے، جو فارسی بلیوں کے ایک گروپ، جو ایرانیوں کی علامت ہیں، پر حملہ کرتا ہے۔یہ کہانی تنازع، انتقام اور حکمت کی علامتوں سے بھرپور ہے۔ یہ ان متعدد حالیہ میڈیا پروڈکشنز کا حصہ ہے، جن کا مقصد امریکا کو ایک تسلط پسند عالمی طاقت کے طور پر دکھانا اور صدر ٹرمپ کے گرین لینڈ سے متعلق بیانات یا مغربی نصف کرہ میں امریکی اثر و رسوخ بڑھانے کے منصوبوں کا مذاق اڑانا ہے۔اس مختصر اینیمیٹڈ فلم کو چین کے اندر بڑے پیمانے پر پزیرائی ملی اور انگریزی ترجمے کے بعد ’’ ایکس ‘‘ پر اسے چند ہی دنوں میں 10 لاکھ سے زیادہ مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔سنگھوا یونیورسٹی کے پروفیسر شی آن بن کا کہنا ہے کہ یہ چینی میڈیا کا عالمی سامعین، خاص طور پر سوشل میڈیا صارفین سے رابطے کا ایک نیا طریقہ ہے۔