ایران جہازوں سے فیس لے رہا ہے تو فوراً بند کر دے، ٹرمپ

Wait 5 sec.

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں سے فیس لینا بند کر دے۔امریکی صدر نے ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ ایران آبنائے ہرمز سے تیل کی نقل و حرکت پر بہت خراب کام کر رہا ہے یہ وہ معاہدہ نہیں جو ہمارے درمیان طے ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ ایسی خبریں ہیں کہ ایران آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ٹینکروں سے فیس وصول کر رہا ہے ایران کو ایسا نہیں کرنا چاہیے اگر ایسا کر رہا ہے تو فوراً بند کر دے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی این بی سی نیوز سے گفتگو میں کہا کہ ایران امریکا مذاکرات سے قبل اسرائیلی وزیراعظم لبنان پر حملوں میں کمی کریں گے اس سے متعلق نیتن یاہو سے بات کرلی ہے ایرانی عہدیدار جب میڈیا سے بات نہیں کرتے تو مناسب نظر آتے ہیں۔صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امید ہے اسلام آباد میں مذاکرات کے دوران امن معاہدہ ہو جائے گا ایران نے ان تمام چیزوں سے اتفاق کرلیا ہے جس پر اسے اتفاق کرنا تھا۔دوسری جانب ایران اور امریکا میں 15 روزہ جنگ بندی معاہدے کے بعد آج دونوں فریقین کے درمیان اسلام آباد میں امن مذاکرات شروع ہو رہے ہیں۔ مذاکرات کے آغاز سے قبل ایران کی جانب سے مثبت بیان سامنے آیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران کے نائب وزیر خارجہ سعید خطیب زادہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکی بحری جہاز بھی آبنائے ہرمز سے گزر سکتے ہیں اور دشمنی پر مبنی طرز عمل اختیار نہ کرنے تک ایسا ہی رہے گا۔سعید خطیب زادہ کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کھلی ہے۔ تاہم تکنیکی وجوہات کی بنا پر ضروری ہے کہ گزرنے والے جہاز ایرانی افواج سے رابطہ رکھیں۔ایرانی وزیر کا کہنا تھا ہم آبنائے ہرمز میں موجود اپنے محفوظ راستوں کے ذریعے جہازوں کے محفوظ سفر کو یقینی بنائیں گے۔