نتیش کمار نے راجیہ سبھا کی رکنیت کا لیا حلف، ایک خاص فہرست میں ہوئے شامل

Wait 5 sec.

بہار کے وزیر اعلیٰ اور جنتا دل (یونائٹیڈ) کے قومی صدر نتیش کمار نے جمعہ کے روز راجیہ سبھا کے رکن کے طور پر حلف لے لیا۔ حلف لینے کے ساتھ ہی نتیش کمار نے ایک ریکارڈ بھی قائم کر دیا ہے۔ دراصل وہ بہار کے چھٹے ایسے رہنما بن گئے ہیں جو چاروں ایوانوں کے رکن رہنے والوں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔ نتیش کمار سے پہلے بہار سے سابق مرکزی وزیر ناگ منی، بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اور بی جے پی کے قدآور لیڈر آنجہانی سشیل کمار مودی، راشٹریہ جنتا دل کے سربراہ لالو پرساد یادو، سابق مرکزی وزیر اوپیندر کشواہا اور موجودہ بہار حکومت میں وزیر رام کرپال یادو یہ ریکارڈ اپنے نام کر چکے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ نتیش کمار رکن پارلیمنٹ رہتے ہوئے وزارت میں شامل نہیں ہوں گے، بلکہ اب وہ پارٹی کی رہنمائی کا کام کریں گے۔ نتیش کمار کو راجیہ سبھا رکن بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے انھیں ملک کے سب سے تجربہ کار رہنماؤں میں سے ایک قرار دیا اور ان کی اچھی حکمرانی اور وابستگی کی ستائش کی۔ راجیہ سبھا کے چیئرمین سی پی رادھاکرشنن نے انھیں ایوانِ بالا کی رکنیت کا حلف دلایا۔ حلف برداری کے بعد نتیش کمار آج شام ہی دہلی سے پٹنہ لوٹ جائیں گے، جس کے بعد ریاست میں نئی حکومت کی تشکیل کا عمل تیز ہو جائے گا۔نتیش کمار کے راجیہ سبھا جانے کے ساتھ ہی بہار میں نئے وزیر اعلیٰ کے نام کو لے کر گہما گہمی شروع ہو گئی ہے۔ نتیش کمار کی حلف برداری سے قبل پٹنہ واقع بی جے پی کے دفتر کے باہر سمراٹ چودھری کو بہار کا نیا وزیر اعلیٰ قرار دینے والا پوسٹر بھی لگا دیا گیا۔ ان پوسٹرس میں سے کچھ کو پارٹی دفتر کے ملازمین نے ہٹا بھی دیا، جن پر ’والمیکی سماج‘ کا نام لکھا تھا۔ تازہ خبر یہ ہے کہ آج ہی بی جے پی نے نئی حکومت کو شکل دینے اور قیادت کو لے کر دہلی میں ’کور گروپ‘ کی اہم میٹنگ طلب کی ہے۔ اس میٹنگ میں بی جے پی کی مرکزی قیادت بہار کے اہم لیڈران کے ساتھ صلاح و مشورہ کرے گا۔ بہار کے دونوں نائب وزرائے اعلیٰ سمراٹ چودھری اور وجئے کمار سنہا پہلے سے ہی دہلی میں موجود ہیں۔ ذرائع کے حوالہ سے سامنے آئی کچھ میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ 14 اپریل کو این ڈی اے قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میں نئے وزیر اعلیٰ کے نام پر مہر لگ سکتی ہے۔