تہران : ایران میں سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای شہید کے چہلم کے موقع پر ایرانی عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی، اس موقع پر لوگوں میں شدید غم و غصہ پایا گیا۔تہران سے سید حسن رضا کی رپورٹ کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران میں چہلم کے مرکزی عوامی اجتماع کے دوران لاکھوں افراد سڑکوں پر نکل آئے، مظاہرین کی بڑی تعداد ریلی کی صورت میں اسلامی روڈ پر تقریباً 12 کلومیٹر تک پھیلی ہوئی دیکھی گئی۔شرکاء نے سیاہ لباس زیب تن کر رکھا تھا جبکہ کئی افراد کی آنکھیں آنسوؤں سے بھیگی ہوئی تھیں، مظاہرین کی جانب سے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف غم و غصے کا اظہار ا ور شدید نعرے بازی کی گئی۔اجتماع کے دوران “اللہ اکبر” کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے، جس سے پورا علاقہ گونج اٹھا اور مظاہرین کے جذبات عروج پر پہنچ گئے۔گزشتہ ماہ 28 فروری کو جنگ کے پہلے روز امریکی حملے میں شہید ہونے والے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای شہید کا چہلم انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔لاکھوں شہری ایرانی دارالحکومت سمیت ملک کے دیگر شہروں میں سڑکوں پر نکل آئے، فلک شگاف نعرے بازی کی اور اپنے شہید لیڈر کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر اعلیٰ فوجی کمانڈرز اور حملے میں شہید ہونے والی اسکول کی بچیوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔اجتماع میں شریک افراد نے اپنی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکہ اور اسرائیل کے خلاف سخت ترین اقدامات کرے اور سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے قتل کا بدلہ لیا جائے، شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے مؤقف پر قائم رہیں گے۔