بہار میں قیادت کی تبدیلی پر کانگریس حملہ، کہا- ’ریاست کو دیا جا رہا مسلط کردہ وزیر اعلیٰ‘

Wait 5 sec.

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار آج (منگل) اپنے عہدے سے مستعفی ہونے والے ہیں۔ کل (بدھ) یعنی 15 اپریل کو بہار میں نئی حکومت کی تشکیل ہو جائے گی۔ حکومت این ڈی اے ہی کی رہے گی، تاہم وزیر اعلیٰ نیا ہوگا۔ البتہ یہ اب تک واضح نہیں ہو سکا ہے کہ نیا وزیر اعلیٰ کون ہوگا۔ اپوزیشن جماعتیں وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ پر تنقید کر رہی ہیں۔ اس دوران کانگریس نے بڑا بیان دیا ہے۔ کانگریس نے اس معاملے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ بہار میں جمہوری عمل کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔بہار کانگریس کے رہنما اور شعبہ مواصلات کے چیئرمین راجیش راٹھوڑ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ آج بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کی جینتی کے موقع پر آئین کی روح کو مجروح کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق ایک ایسے وزیر اعلیٰ کو ہٹایا جا رہا ہے جو جمہوری طریقے سے منتخب ہوا تھا، اور اس کی جگہ ایک نیا چہرہ لایا جا رہا ہے جس کا فیصلہ عوام نے نہیں بلکہ مرکز نے کیا ہے۔راجیش راٹھوڑ نے وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بہار کو آج ایک ’مسلط کردہ وزیر اعلیٰ‘ ملے گا، جس کا نام ابھی تک سامنے نہیں آیا ہے لیکن امکان ہے کہ شام تک اس کا اعلان ہو جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی سوال اٹھایا کہ اس سیاسی اقدام کے لیے بابا صاحب امبیڈکر کی جینتی کا دن کیوں منتخب کیا گیا، اور الزام لگایا کہ اس کے ذریعے یہ پیغام دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ موجودہ قیادت خود کو آئین سے بالا تر سمجھتی ہے۔دوسری جانب حکمراں اتحاد کے اندر سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر اہم لیڈروں کی آمد و رفت کا سلسلہ جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق سنجے جھا، للن سنگھ اور وجے کمار چودھری جیسے سینئر رہنما مسلسل ملاقاتیں کر رہے ہیں اور آئندہ حکومت کی تشکیل پر غور و خوض جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق نتیش کمار کے بیٹے نشانت کمار کو بھی کابینہ میں شامل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم انہوں نے فی الحال حکومت میں شامل ہونے سے انکار کیا ہے۔سیاسی مبصرین کے مطابق بہار میں یہ تبدیلی نہ صرف ریاستی سیاست بلکہ قومی سیاست پر بھی اثر انداز ہو سکتی ہے، کیونکہ اس کے ذریعے اتحادی سیاست کے نئے اشارے مل رہے ہیں۔ آنے والے دنوں میں یہ واضح ہوگا کہ نیا وزیر اعلیٰ کون بنتا ہے اور یہ تبدیلی عوامی سطح پر کس طرح قبول کی جاتی ہے۔