ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے یومِ پیدائش پر کھڑگے کا پیغام- ’آئین کے تحفظ کے لیے کھڑے ہونے کا وقت آ گیا‘

Wait 5 sec.

نئی دہلی: کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے یومِ پیدائش کے موقع پر ایک اہم پیغام جاری کرتے ہوئے ملک میں آئین کے تحفظ پر زور دیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں ڈاکٹر امبیڈکر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ محض ہندوستان کے آئین کے معمار ہی نہیں تھے بلکہ آزادی، مساوات، بھائی چارے اور انصاف جیسے اصولوں کے علمبردار بھی تھے، جو ہندوستان کی اصل شناخت کو متعین کرتے ہیں۔کھڑگے نے اپنے پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر نے ہندوستان کو نہ صرف ایک مضبوط آئینی ڈھانچہ دیا بلکہ ایک ایسا اخلاقی وژن بھی عطا کیا جس کی بنیاد پر ملک کی جمہوری روح قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج جب آئین کو سازشی انداز میں کمزور کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، ایسے وقت میں امبیڈکر کے خیالات اور انتباہات پہلے سے زیادہ اہمیت اختیار کر گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ وقت محض یاد کرنے کا نہیں بلکہ ان اصولوں کے تحفظ کے لیے عملی طور پر کھڑے ہونے کا ہے، جنہیں ڈاکٹر امبیڈکر نے اپنی زندگی کا مقصد بنایا۔ کھڑگے کے مطابق ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئینی حقوق کی حفاظت کرے اور ان اقدار کو زندہ رکھے جن کے لیے امبیڈکر نے جدوجہد کی۔اپنی پوسٹ کے ساتھ کھڑگے نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں ڈاکٹر امبیڈکر کی نایاب تصاویر اور ویڈیوز شامل ہیں۔ جبکہ پس منظر میں امبیڈکر کا ایک اہم بیان بھی سنائی دیتا ہے، جس میں وہ ہندوستانی سماج کی پیچیدگیوں اور اتحاد کی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہیں۔ امبیڈکر کہتے ہیں کہ اصل مشکل مستقبل کے بارے میں نہیں بلکہ اس بات میں ہے کہ مختلف النوع سماج کو کس طرح ایک مشترکہ فیصلہ لینے اور ایک ساتھ آگے بڑھنے کے قابل بنایا جائے۔ویڈیو میں امبیڈکر اس بات پر زور دیتے ہیں کہ اتحاد کا راستہ آسان نہیں ہوتا لیکن یہی راستہ قوم کو مضبوط بناتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہندوستان جیسے متنوع معاشرے میں ہم آہنگی پیدا کرنا ایک بڑا چیلنج ہے مگر یہی چیلنج ملک کو ایک متحد اور مستحکم قوم میں تبدیل کر سکتا ہے۔On the birth anniversary of Babasaheb Dr B. R. Ambedkar, we bow with deep reverence to the visionary who gave India its moral and Constitutional soul.Babasaheb was not just the architect of the Constitution of India, but a relentless warrior for Liberty, Equality, Fraternity… pic.twitter.com/CRimtlGSg9— Mallikarjun Kharge (@kharge) April 14, 2026کھڑگے کے اس بیان کو موجودہ سیاسی تناظر میں بھی اہم سمجھا جا رہا ہے، جہاں آئین اور جمہوری اداروں کے کردار پر بحث جاری ہے۔ ان کے پیغام کو ایک واضح سیاسی اشارہ مانا جا رہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں آئینی اقدار کے تحفظ کو ایک مرکزی موضوع کے طور پر پیش کر رہی ہیں۔ڈاکٹر امبیڈکر کی یومِ پیدائش ہر سال 14 اپریل کو منائی جاتی ہے اور اس دن کو ملک بھر میں سماجی انصاف اور مساوات کے عہد کی تجدید کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ اس موقع پر مختلف سیاسی اور سماجی رہنما ان کے نظریات کو یاد کرتے ہوئے آئینی اصولوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں۔