عمرہ زائرین کے پاس صرف 4 دن باقی !سعودی وزارتِ داخلہ کا سخت انتباہ

Wait 5 sec.

ریاض : سعودی وزارت داخلہ نے عمرہ ویزا ہولڈرز کو اٹھارہ اپریل تک سعودی عرب چھوڑنے کا حکم دیتے ہوئے کہا عمرہ پرمٹس اٹھارہ اپریل سے اکتیس مئی تک معطل رہیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی وزارتِ داخلہ نے حج سیزن 1447ھ کے پُرامن اور منظم انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے مکہ مکرمہ میں داخلے کے حوالے سے نئے اور سخت ضوابط کا اعلان کر دیا ہے۔ وزارتِ داخلہ نے بتایا کہ 13 اپریل سے مکہ مکرمہ کی حدود میں داخلے کے لیے پرمٹ کا ہونا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ اب صرف ان افراد کو مکہ مکرمہ جانے کی اجازت ہوگی جن کے پاس باقاعدہ ‘حج پرمٹ’ یا وہاں کا ‘رہائشی اجازت نامہ’ (اقامہ) موجود ہوگا۔حج ویزہ رکھنے والے غیر ملکی زائرین ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے اور وہ اپنے شیڈول کے مطابق داخل ہو سکیں گے۔نئے قواعد کے تحت تمام عمرہ ویزہ ہولڈرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 18 اپریل تک سعودی عرب چھوڑ دیں ، اس کے ساتھ ہی نسک پلیٹ فارم پر عمرہ پرمٹس کے اجراء کو بھی 18 اپریل سے 31 مئی تک کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔سعودی حکام نے واضح کیا ہے کہ 18 اپریل کے بعد تمام عام ویزہ ہولڈرز کے لیے مکہ مکرمہ کا داخلہ مکمل طور پر ممنوع ہوگا تاکہ حج کے انتظامات میں کسی قسم کا خلل واقع نہ ہو۔وزارتِ داخلہ نے خبردار کیا ہے کہ ان احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی کو بھی بغیر اجازت مقدس شہر میں داخلے کی رعایت نہیں دی جائے گی۔